مانچسٹر(علامہ عظیم جی/غلام مصطفیٰ مغل) مانچسٹر میں محفل نعت انٹرنیشنل برطانیہ کے زیر اہتمام 23ویں بین الاقوامی سطح کی محفل نعت کامیابی سے مسلسل 12گھنٹے تک بغیر وقفہ کے جاری رہی جس میںہزاروں افراد نے برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں سے محفل میں شرکت کی۔ پندرہ خوش نصیبوں کو عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی دیئے گئے۔ محفل نعت کے روح پرور اجتماع میں امت مسلمہ کے باہمی اتحاد ، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، برطانیہ یورپ میں پروان چڑھنے والی نئی نسل کو مکارم اخلاق مصطفیٰ کریم ﷺ اپنانے، اسوۂ حسنہ پر چلنے اور معاشرے کا بہترین انسان بنانے کی تربیت دینے پر زور دیا گیا اور عالمی سطح پر امت مسلمہ کے مسائل اور فتنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باعمل، باکردار مسلمان بننے کی ترغیب دی گئی ، اس موقع پر لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر افضل خان ایم پی نے 23برس سے نوجوانوں کی مخرب اخلاق گانوں اور بے راہ روی تشدد پسند قوتوں، داعش جیسی انتہا پسند تنظیموں سے بچانے کے لئے بذریعہ نعت ،خدمات دینے والے چیئرمین قاری جاوید اختر، صدر میاں طاہر نعیم، ایڈمن ڈائریکٹر محمد خوشتر، مدینہ منورہ سے آنے والے مہمان عبدالقدیر کو نیشنل پیس کمیٹی فار انٹرفیتھ کی طرف سے ایوارڈدیئے، اس موقع پر افضل خان ایم پی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں اور اسلام کی بنیاد ہے، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے حالات درست کرنے اپنے خلاف اٹھنے والے نت نئے فتنوں سے بچنے کے لئے اچھا مسلمان بننا ہوگا۔ تقریب سے صدر محفل نعت میاں طاہر نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 24برس اور ان میں ختم نبوت کے عقیدے کی پختگی کیلئے امن و محبت کی راہ حضورﷺ کی تعریف و توصیف ، قرآن و سنت کے دائرہ میں رہتے ہوئے عالمی سطح کی محافل نعت کا اہتمام کیا جس سے دل نرم اور نوجوان بچوں میں محبت رسولؐ اور اطاعت رسول اکرم ﷺ کا جذبہ بڑھا، انہوں نے مخالفت کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف خدمت کررہے ہیں جو کہ ہر قسم کی فرقہ واریت سے پاک اور خالص اللہ کی رضا اور نبی آخر الزمانﷺ کی محبت کو اجاگر کرتی ہے۔ چیئرمین قاری جاوید اختر نے جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایمان اور ختم نبوت کا تحفظ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں انسانیت کی فلاح کے لئے خود کو وقف کرنا چاہئے انہوں نے نوجوانوں کی نہایت خوش الحانی سے نعت پڑھنے کو 23سالہ محافل نعت کا ثمر قرار دیا روحانی سکالر جنرل سیکریٹری نعت ایسوسی ایشن علامہ عظیم جن نے کہا کہ بیرون ملک مسلمان اسلام اور پاکستان کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں، انہیں ہر قسم کے مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر امت مسلمہ کے اتحاد اور انسانیت کی فلاح کے لئے کام کرنا چاہئے، اس موقع پر نوجوان سکالر حافظ معین الدین نے انگلش میں نوجوان نسل کو ختم نبوت کے عقیدہ کی پختگی اور باکردار مسلمان بننے پر زور دیا، محفل میں معروف اسلامی سکالرز کا مفتی علامہ منور عتیق اور امام علامہ محمد عاصم نے بھی انگلش میں خطاب کرتے ہوئے حضور اکرمﷺ کی تعلیمات کو پوری انسانیت کی بھلائی اور عالمی امن کا ذریعہ کہا اور نوجوان نسل کو قرآن و سنت پر عمل کرنے کی ترغیب دی۔ محفل میں ہدیہ نعت بحضور سرور کونین ﷺ پیش کرنے کی سعادت الحاج سید فصیح الدین سہروردی، سید زبیب مسعود شاہ، الحاج شہباز قمر فریدی، قاری شاہد محمود قادری، ڈاکٹر نثار احمد معر فانی، حافظ احمد رضاقادری، الحاج محمد رفیق ضیاء ، حمزہ علی سہروردی، حافظ غلام مصطفیٰ قادری، ساجد قادری، غلام مصطفیٰ ، محمد ساجد قادری، خالد حسین خالد، طارق ہمدانی پاکستان، قاری اکرم حسین، کلیم اللہ، قاری سبطین علی، فرحان غوث، حاجی ظفر، شعیب کریم، امجد رضوان، سراج اقبال، حافظ زین علی، طلحہ طارق، شاہین احمد، سہیل احمد، عمر علی نوشاہی، اویس لطیف، محمد دائود، محمد طفیل، احسن بشیر، محمد عیسیٰ، حسن رضا، حارث تبریز، محمد اویس، محمد تحسین، ادریس علی اور دیگر نے حاصل کی۔ محفل نعت انٹرنیشنل کی تین نشستیں ہوئیں پہلی نشست کا آغاز ہالینڈ سے آئے ہوئے نوجوان حمزہ علی سہروردی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ دوسری اور تیسری نشست میں پاکستان کے معروف قاری کرامت علی نے بہترین قرأت کے ساتھ تلاوت قرآن پاک پیش کی۔ محفل نعت کی نظامت کے فرائض پاکستان سے آئے ہوئے رخسار ا حمد قادری اور صاحبزادہ الحاج محمد تسلیم صابری نے ادا کئے۔ اختتام پر سید صاحبزادہ پیر سید حامد علی شاہ نے امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی بقا، سالمیت ، کشمیر فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔