• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریمﷺ کی ولادت سےپوری کائنات میں بہار آئی، پیرسیّدعبدالقادر

لندن (جنگ نیوز) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز کےمرکزی رہنمائوں، قائدین نے ماہ ربیع الاول کی آمد کو پوری انسانیت کے لئے خوشیوں، مسرتوں اور اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور اس کی رحمتوں اور برکتوں کے نزول سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مبارکہ میں پوری کائنات پر اللہ کریم کے انوار و تجلیات کی بارش ہوتی ہے کیونکہ اس ماہ مبارکہ میں سب رسولوں کے رسول تاجدار انبیاء، خاتم الانبیاء، سید المرسلین رحمت للعالمین کو اللہ رب العزت نے سارے جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ علمائے حق کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن پاک کی تعلیمات اور نبی رحمت کے اسوہ حسنہ سے پوری ملت اسلامیہ کو آگاہ کریں اور اس کا آغاز ماہ ربیع الاول شریف کی آمد پر کریں۔ مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے بانی و سرپرست اعلیٰ مفکر اسلام ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی نے لندن میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی پاکؐ کی ولادت و آمد سے پوری کائنات کے اندر بہار آگئی اور آپ کے نور سے اللہ پاک نے ساری کائنات کو روشن و منور کر دیا۔ نبی پاک کی سیرت طیبہ ایسی جامع اور مکمل ہے جس میں نوع انسانی کے لئے ہر شعبہ حیات میں ہدایت و رہنمائی موجود ہے آپ ﷺ پوری انسانیت کے محسن اعظم ہیں، آئیے ہم تجدید عہد کریں کہ حضور کی ولادت مقدس اور بابرکت مہینے میں اسلام جو عالم گیر مذہب اور امن و آشتی کا پیامبر ہے جو محبتوں کو فروغ دیتا ہے اور فاصلوں اور نفرتوں کو مٹاتا ہے اس کے آفاقی پیغام کو یورپ کے گھر گھر پہنچائیں گے۔ پیر عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے مقدس نام پر معرض وجود میں آیا تھا اور آج دشمنان اسلام و پاکستان اس کے خلاف سازشیں کرکے اس کی سالمیت و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں، حکومت اور علمائے کرام اپنی مشترکہ ذمہ داری کو نبھائیں اور اس مشکل وقت میں اتحاد ملی کا مظاہرہ کرکے اس ارض مقدس کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کو خبردار کیا کہ فیض آباد میں دھرنہ دینے والے عاشقان رسول محب پاکستان ہیں اور پاکستان بنانے والوں کی اولاد اور وہ تحفظ ناموس رسالتؐ اور تحفظ عقیدہ ختم نبوتؐ کے چوکیدار ہیں ان کے ساتھ جلد از جلد مذاکرات کرکے پرامن طریقہ سے اس مذہبی اور حساس معاملے کو سلجھائیں اور اگر طاقت کے گھمنڈ میں ان کے خلاف آپریشن کیا گیا تو پھر نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی حکومت کے لئے مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی صدر خطیب اسلام علامہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول شریف میں عشق رسول اور محبت رسول کے درس کو عام کرتے ہوئے عظمت رسول کے علم کو بلند کرتے ہوئے ایسے بدنصیب اور بدبخت لوگوں کو بھی بے نقاب کرنا ہوگا جنہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے متفقہ آئین کے اندر نقب لگائی۔ انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت اور ان کے حواری جان لیں کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے دین و ایمان کا حصہ اور اس کی حفاظت کے لئے ہر قسم کی قربانی دے کر اس کی حفاظت کریں گے۔ جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں استقبال ماہ نور ربیع الاول کے حوالے سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کے بانی و مہتمم اور مرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی سیکرٹری جنرل خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ حضور نبی کریم صرف مسلمانوں ہی کے لئے نہیں بلکہ آپؐ پوری انسانیت کے رہبر و رہنما ہیں اور آپؐ کا پیغام محبت و امن پوری انسانیت کے لئے کافی و شافی ہے۔ ہمیں محافل میلاد اور میلاد کانفرنسوں میں دیگر مذاہب کے لوگوں کو جن میں عیسائی، یہودی، ہندو، سکھ بھی شامل ہیں کو مدعو کرکے اسلام کے پیغام امن کو عام کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام ماہ ربیع الاول میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے بھی مضامین اپنے خطابات میں ضرور شامل کریں اور منکرین ختم نبوت جو اسلام اور داعی اسلام کی تصویر منفی انداز میں پیش کر رہے ہیں اس سے نوجوان نسل کو آگاہ کریں۔ برطانیہ کے معروف عالم دین الحراء سینٹر لوٹن کے خطیب علامہ پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے کہا کہ حضور نبی رحمت اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہیں، اللہ کا قرآن کہتا ہے کہ اللہ نے مومنوں پر احسان فرمایا اور ان میں عظمت والے رسول کو مبعوث فرمایا۔ محافل میلاد کا انعقاد باعث برکت و ثواب ہے اور ذکر رسول دلوں کو جلا اور روح کو تازگی بخشتا ہے، آئیے ہم ذکر رسول کی محافل کا انعقاد کرکے اللہ کے حضور توبہ کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور جب کوئی صدق دل سے اللہ کے حضور معافی کا طلب گار ہوتا ہے تو مولا کریم نہ صرف اسے معاف کر دیتا ہے بلکہ اس کے گناہوں کو نیکیوں سے تبدیل کر دیتا ہے۔ جامعہ الحراء لوٹن کے امام اور جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما علامہ قاری واجد حسین چشتی نے کہا کہ ہمیں محافل میلاد میں ذکر رسولؐ کو عام کرنا ہوگا اس سے اللہ تعالیٰ کا وعدہ بھی پورا ہوگا کیونکہ اللہ کریم نے قرآن میں ارشاد فرمایا ہے کہ محبوب ہم نے آپ کا ذکر آپ کے لئے بلند کیا ہے اور آقا کریمؐ کا ارشاد ہے۔ ’جتنا میرا امتی مجھ پر کثرت سے درود پڑھے گا قیامت کے دن اتنا ہی میرے قریب ہوگا۔‘ اس خصوصی تقریب میں لوٹن کے ممتاز مذہبی اور سماجی رہنما حاجی ملک محمود قادری خان کے لئے خصوصی ایصال ثواب کیا گیا اور راولپنڈی فیض آباد میں تاجدار ختم نبوت کے علمائے کرام اور شرکاء کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی بھی کیا گیا۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد شعیب کی تلاوت قرآن، قاضی تنزیل الرحمٰن، محمد محسن کیانی، شمس خان کی نعت سے ہوا۔ جن دیگر نے شمولیت کی ان میں ملک ضرار خان، ملک ابرار خان، ملک شہزاد خان، ملک اللہ دتہ، محمد عرفان، راجہ ظفر خان، حافظ محمد ریاست، محبوب خان، محمود خان، محمد فیاض قریشی، محمد صدیق قریشی، محمد قدیر قریشی، محمد شفیق، صاحبزادہ سید افتخار حسین شاہ و دیگر شامل تھے۔ خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے اجتماعی دعا کی۔ دریں اثنا بری، بریڈ فورڈ، لندن، ہیلی فیکس، بیڈ فورڈ، برمنگھم، والسال، مانچسٹر اور دیگر شہروں میں ماہ ربیع الاول کی آمد کے حوالے سے محافل کا انعقاد ہوا جس سے علامہ مفتی عبدالرحمٰن نقشبندی، علامہ مفتی محمد خان قادری، علامہ محمد نذیر احمد مہروی، علامہ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی، علامہ طارق محمود قادری، علامہ صاحبزادہ سید مظہر حسین گیلانی، علامہ سید نور احمد شاہ کاظمی، علامہ صاحبزادہ قاضی ضیاء المصطفیٰ و دیگر نے جشن آمد رسول کے حوالے سے خطاب کیا۔
تازہ ترین