• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او آئی سی روہنگیا مسلمانوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے، پیرعبدالقادر سید شاہ جیلانی

لندن (جنگ نیوز) مرکزی جماعت اہلسنت کے سرپرست اور بانی مفکر اسلام پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی نے روہنگیا مسلمانوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلمان ممالک سے کہا ہے کہ وہ ان مسلمانوں کی مشکلات ختم کرانے کے لیے متحد کوششیں کریں اور برمی حکومت اور بدھ انتہا پسندوں کو مسلمانوں کی نسل کشی سے روکیں۔ والتھم سٹو ایسٹ لندن میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت پر اسلامی ممالک کی بے حسی ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم اسلامی کانفرنس کو ان مسلمانوں کے قتل عام کو رکوانے، انہیں برما کے شہری تسلیم کرانے اور ان کی آبادکاری کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمان ممالک کو بے پناہ وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے۔ ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ پسماندہ اور مسائل کا شکار مسلمانوں کی بھرپور مدد کریں۔ انہوں نے برطانوی مسلمانوں اور رہنمائوں سے کہا کہ وہ عالمی سطح پر برمی مسلمانوں کے حق میں رائے عامہ ہموار کریں اور بدھ انتہا پسندوں اور برما کی فوجی حکومت کے مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں۔ اجلاس سے خطاب میں صاحبزادہ مظہر حسین شاہ جیلانی نے کہا کہ مفکر اسلام نے ہمیشہ دنیا بھر کے پسے ہوئے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفکر اسلام علیل ہونے کے باوجود مسلمانوں کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور انہیں برما کے مسلمانوں کی حالت پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے رہنماء دنیا میں بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔
تازہ ترین