• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش لیگ،حسن علی نے تباہی مچادی،ڈھاکا کے5بیٹسمین بولڈ

ڈھاکا (نیوز ایجنسیز) حسن علی نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بھی رنگ جمادیا۔ صرف 20رنز دے کر ڈھاکا ڈائنامائٹس کی آدھی ٹیم ٹھکانے لگادی۔ پانچوں بیٹسمین کلین بولڈ ہوئے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے کسی بولر نے تمام کھلاڑیوں کو بولڈ کیا ہو۔ ان کی شاندار بولنگ اور شعیب ملک کی ففٹی کی بدولت کومیلا وکٹورینز نے ڈھاکا ڈائنامائٹس کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ حسن علی مرد میدان قرار پائے۔ پیر کو لیگ کے 21 ویں میچ میں ڈھاکا کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ٹیم 18.3 اوورز میں 128رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ حسن علی نے 5 اور محمد سیف الدین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کومیلا وکٹورینز نے ہدف19.4 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شعیب ملک نے 54رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد عامر اور سنیل نارائن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔دن کے دوسرے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے سنسنی خیزمقابلے کے بعد سلہٹ سکسرز کو سات رنز سے زیر کیا۔ فاتح ٹیم نے سات وکٹ پر 169رنز اسکور کیے، اوپنرز کرس گیل اور برینڈن میک کولم نے 80 رنز کا دھواں دھار آغاز فراہم کیا۔ میک کولم33 اور گیل 50، روی بوپارا 28 اور محمد مٹھن 25رنز کےساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں سکسرز کا تعاقب چار وکٹ پر 162 رنز پر ختم ہوگیا۔ شبیر رحمٰن 70 اور ناصر حسین 50 رنز کی اننگز کھیل کر بھی ٹیم کو سرخرو نہ کرسکے۔
تازہ ترین