• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولکتہ ٹیسٹ:کم روشنی نے سری لنکا کو یقینی شکست سے بچالیا

کولکتہ (نیوز ایجنسیز) کم روشنی نے سری لنکا کو بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست سے بچالیا۔ میچ ہارجیت کے بغیر ختم ہوا۔ آخری روز مہمان ٹیم 231 رنز کے تعاقب میں 7وکٹوں کے نقصان پر 75رنز بنا سکی۔ خراب روشنی کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔ میچ آخری روز بھارت نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 171رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ لوکیش راہول 79رنز بناکر سرنگا لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پجارا 22رنز بنانے کے بعد لکمل کا نشانہ بن گئے۔ کپتان ویرات کوہلی نےشاندار بیٹنگ کی اور104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا۔ اس اننگز کے دوران کوہلی نے انٹر نیشنل کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 50انٹرنیشنل سنچریز کا ریکارڈ برابرکردیا ،یہ ان کی 18 ویںٹیسٹ سنچری ہے ، وہ ون ڈے کرکٹ میں بھی 32سنچریاں اسکور کرچکے ہیں ۔کوہلی نے یہ کارنامہ 348 اننگز کھیل کر انجام دیا۔ بھارت نے 352 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرکے سری لنکا کو جیت کےلئے 231 رنز کا ہدف دیا۔ سرنگا لکمل اور ڈاسن شناکا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں آئی لینڈرز نے 75 پر 7 وکٹیں گنوا دیں تاہم کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا۔ نروشن ڈکویلا 27، کپتان دنیش چندیمل 20 اور اینجلو میتھیوز 12رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھونیشور کمار نے چار اور محمد شامی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
تازہ ترین