• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے 14 میگاپروجیکٹس، دوسرے مرحلے پر کام آئندہ ماہ شروع ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کراچی کی 14 میگا اسکیموں کے دوسرے مرحلے پر 15 دسمبر سے کام شروع کیا جائے، دوسرے مرحلےکی ان 14 اسکیموں کی لاگت کا تحمینہ 8 ارب روپے ہے،انہوں نے یہ ہدایات کراچی پیکیج کےپہلے مرحلے سے متعلق پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں،اجلاس میں وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان، کمشنر کراچی اعجاز خان، پی ڈی کراچی پیکیج نیاز سومرو، انجنیئر کراچی پیکیج خالد و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،وہ اسکیمیں جن پر آئندہ ایک ہفتے کے اندر کام شروع ہونا ہے ان میں 350 ملین روپے کی ٹینک چورنگی تا سپر ہائی وے برائے تھدو نالو،280 ملین روپے کی لاگت سے ٹیپو سلطان روڈ ، شاہراہ فیصل تا کارساز کی از سر نو تعمیر ، 1500 ملین روپے سے ٹیپو سلطان اور خالد بن ولید انٹرسیکشن شہید ملت روڈ پر پل کی تعمیر ، 270 ملین روپے سے اسٹیڈیم روڈ، یونیورسٹی روڈ تا راشد منہاس روڈ کو توسیع دینا ، 1500 ملین روپے کی لاگت سے 2000 روڈ لانڈھی کی ری ماڈلنگ، 240 ملین روپے کی لاگت سے کینٹ اسٹیشن پر سڑک کی تعمیر ،650 ملین روپے کی لاگت سے فوارہ چوک تا گارڈن عبداللہ ہارون روڈ اور واپس فوارہ چوک تک زیب النساء روڈ کی تعمیر،200 ملین روپے کی لاگت سے کورنگی نالہ نزد حبیب بینک پر پل کی تعمیر، 700 ملین روپے کی لاگت سے سن سیٹ باؤلیوارڈ اور گزری باؤلیوارڈ انسٹرسیکشن پر پل کی تعمیر، 700 ملین روپے کی لاگت سے حسن اسکوائر تا لیاری ندی گندے پانی/ بارش کے پانی کے نالے کی تعمیر ، 200 ملین روپے کی لاگت سے ایس ڈبلیو ڈی اسٹار گیٹ تا چکرا نالہ، شاہراہ فیصل کی تعمیر اور 400 ملین روپے کی لاگت سے بلدیہ ٹاؤن واٹر سپلائی کی بہتری شامل ہیں،وزیراعلیٰ نے ہر ایک اسکیم کے بارے میں اجلاس کے شرکاء سے تبادلہ خیال کیا اورانہیں حتمی شکل دی ،صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر 95 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جب کہ یونیورسٹی روڈ ، این ای ڈی سے صفورہ 85 فیصد کام ہوچکا ہے،وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سڑکوں،فلائی اوورز اور نالوں کی تعمیر کا بیشترکام ہو چکا۔
تازہ ترین