• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت،علما اور مشائخ کا ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات عام کرنے پر اتفاق

Todays Print

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت علماءو مشائخ کے اجلاس کے بعد جاری کر دہ مشترکہ اعلامیہ میں راجہ ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات عام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق علما کرام اور مشائخ عظام کا یہ اجلاس اعلان کرتا ہے کہ عقیدہ ختم نبوتﷺ ہمارے دین کی اساس ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی لغزش،کوتاہی یا غلطی کی کوئی گنجائش نہیں.

اس ضمن میں حالیہ واقعات ہمارے لئے تشویش کا سبب ہیں ۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس اس امر پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے کہ آئینی طور پر ختم نبوت کے حوالے سے 2002ءمیں پیدا ہونے والا سقم ختم کر لیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ہم ربیع الاول کے مبارک مہینے کے تقدس کے حوالے سے حکومت اور تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺسے اپیل کرتے ہیں کہ افہام و تفہیم سے یہ مسئلہ حل کریں ۔

اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے 8لاکھ سے زائد عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہونا چاہئے، ہمارا دین مشکلات پیدا کرنے کانہیںبلکہ آسانیوں پیدا کرنے کا درس دیتا ہے۔اجلاس کی تجویز ہے کہ پیر حسین الدین شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی جائے جو مختلف مسالک کی نمائندگی کرتی ہو، یہ کمیٹی فوری طور پر حرکت میں آ کر اس معاملے کا جامع اور اطمینان بخش حل تجویز کرے ۔اجلاس نے حکومت پر زور دیا کہ وہ حتی الامکان آپریشن سے گریز کرے ،اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور علماءو مشائخ نے شرکت کی۔

تازہ ترین