• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیرپور، کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر جاگرا، خواتین بچوں سمیت 21 جاں بحق

خیرپور(بیورو رپورٹ) خیرپور میں شاہ حسین بائی پاس پر کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر جا گرا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 21مسافر جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ مسافر وین خیر پور سے سکھر جارہی تھی جبکہ کوئلے سے بھرا ٹرک پنجاب کی جانب جارہا تھا، جن کے درمیان تصادم ہوا۔ دونوں گاڑیوں نے ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کی تو آپس میں ٹکراگئیں اور کچے میں اترتے ہوئے کوئلے سے لدا ٹرک مسافر وین پر الٹ گیا۔ حادثے کی اطلاع پر پولیس ، رینجرز اور مختلف تنظیموں کے رضا کار وں نے جائے حادثہ پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کی، امدادی کاروائیوں کی نگرانی اے ایس پی خیرپور رائے مظہر اقبال نے کی، لاشوں اور زخمیوں کو مسافر وین سے نکالنے کے لیے کرین کو لاکر مسافر وین پر الٹے ہوئے ٹرک کو ہٹایا گیا۔ بعد ازاں ایدھی ایمبولنس کے ذریعے لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام جعفر سومرو نے فوری طور پر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو سول اسپتال طلب کیا جبکہ خیرپور میڈیکل کالج کے پرنسپل اسد اللہ مہر وائیس، پرنسپل ڈاکٹر نظر حسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فرخ بھنبھرو اپنے کالج کے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے ہمراہ اسپتال پہنچ کر امداد کاروائیوں میں حصہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر محمد نواز سوہو نے بھی اسپتال کا دورہ کر کے حادثے کے شکار افراد کے ورثاء کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا ا ور زخمیوں کی عیادت کی اسپتال کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد نواز سوہو نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں میں غلا م حسین، محمد فاروق، منظور علی سہتو، علی گل انصاری، ہدایت علی،صد رالدین، تنویر لوند، تنویر اجن،محمد رمضان،ہدایت اللہ سولنگی، عبدالرشید کھوڑو، کلیم لغاری،موہن داس،اچھن اجن، نذیر احمد، بانہوں اجن،نوید سولنگی،مسافر وین ڈرائیور جمیل رضاجبکہ زخمیوں میں امجد جونیجو،پٹھان جوگی،محمد صفر پھلپوٹو،ندیم خان ، ثابت علی خان شامل ہیں بعد ازاں حادثے کی اطلاع پر جاں بحق افراد کے ورثاء نے سول اسپتال پہنچ کر 20لا شو ں کی شناخت کر کے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام جعفرسومرو سے لاشیں وصول کیں۔
تازہ ترین