• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحرائے تھر میں غذائی قلت کے باعث مزید 3بچے دم توڑ گئے

اسلام کوٹ(رپورٹ:عبدالغنی بجیر)صحرائے تھر میں غذائی قلت کے باعث مزید 3بچے دم توڑ گئے ۔ مائیں بچوں کی صحت یابی کے بجائے لاشیں لے کر نکلتی ہیں تودلخراش مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صحرائے تھر میں غذائی قلت کے شکار بچوں کی اموات کا سلسلہ دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔مٹھی سول اسپتال میں گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے بچوں میں پانچ ماہ کی کلثوم،نو دن کا دائم،اور امید علی کا نومولود بچہ شامل ہیں جس کے بعد رواں ماہ کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے ۔ صحرائے تھر میں جہاں اس وقت ہزاروں حاملہ خواتین غذائی قلت کا شکار ہیں وہاں سردیوں کے آغاز سے مخلتف امراض میں اضافہ ہو گیا ہے۔دریں اثناء دور دراز دیہاتوں سے ایک امید کے سہارے مائیں جب اپنے بچوں کو اسپتال لاتی ہیں تو وہاں بھی ان کے بچوں کے وارڈ میں مناسب سہولتیں نہیں مل پاتی ہیں ۔روزانہ مرنے والے بچوں کی مائیں جب اسپتالوں سے اپنی بچوں کی لاشیں لے کر نکلتی ہیں تو دلخراش منظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ہر طرف آہ وزاری لگی رہتی ہےمگر گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہزاروں بچوں کی اموات اتنے بڑے انسانی المیہ کے باوجود حکومت نے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے ہیں۔
تازہ ترین