• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سندھ کے اربوں روپے کے12منصوبوں پر کام دسمبر میں شروع ہو گا

کراچی (طاہر عزیز/ اسٹاف رپورٹر) کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے اربوں روپے لاگت کے 12 نئے میگا منصوبوں پر دسمبر کے پہلے ہفتے میں کام شروع ہو جائے گا۔ شہید ملت روڈ کو مکمل سگنل فری کرنے کیلئے ٹیپو سلطان روڈ چورنگی پر فلائی اوور جبکہ حیدر علی روڈ اور طارق روڈ چورنگی پر انڈرپاسز تعمیر کئے جائیں گے، ناہید اسٹور اور خالد بن ولید روڈ کی چورنگیاں ختم کرکے انہیں شہید ملت روڈ کے ٹریفک کیلئے سگنل فری کر دیا جائے گا۔ حکومت سندھ کے تحت رواں مالی سال میں جن میگا اسکیموں کا اعلان کیا گیا تھا ان میں پہلے خالد بن ولید روڈ پر بھی فلائی اوور بنانے کا منصوبہ تھا تاہم اسے اب ڈراپ کر دیا گیا ہے کیونکہ قریب ہی جیل روڈ چورنگی کا فلائی اوور ہونے کے باعث یہ منصوبہ قابل عمل نہیں تھا۔ اسی طرح ہل پارک چورنگی کے قریب اور طارق روڈ انٹر سیکشن پر اب انڈرپاسز تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ایک اور فلائی اوور ڈیفنس میں سن سیٹ بلیوارڈ پنجاب چورنگی پر تعمیر کیا جائے گا اور یہ فلائی اوورکورنگی سے کلفٹن جانے والے ٹریک پر تعمیر کیا جائے گا۔ حکومت سندھ نے کورنگی کراسنگ تادائود چورنگی لانڈھی جانے والے 12 ہزار روڈ پر کورنگی نمبر ڈھائی اور پانچ پر بھی فلائی اوور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح دسمبر میں شہر میں بیک وقت مزید چار نئے فلائی اوور اور 2 انڈر پاسز کی تعمیر شروع ہو جائے گی ۔محکمہ بلدیات حکومت سندھ جو ان منصوبوں کی تعمیراتی کام کی ذمہ دار ہے پانچ نئی سڑکیں جن میں کورنگی کراسنگ تا دائود چورنگی 12 ہزار روڈ، ٹیپو سلطان روڈ، اسٹڈیم روڈنیو ٹائون تھانہ تا ملینیم مال، ٹینک چوک ماڈل کالونی سےتھڈونالہ میمن گوٹھ تک اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف کی سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی جبکہ ناتھا خان پل سے اسٹارگیٹ تک شاہراہ فیصل کی ایئرپورٹ تھانے والی سائیڈ پر برساتی نالہ تعمیر کیا جائے گا واضح رہے سڑک کی دوسری جانب پہلے ہی نالہ تعمیر کیا جا چکا ہے۔ محکمہ بلدیات حکومت سندھ کے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ تمام میگا منصوبوں کے لئے ٹھیکیداروں کی پری کوالیفکیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور انہیں منگل سے ٹینڈر ڈاکومنٹ جاری کرنا شروع کر دیئے جائیں گے۔ کامیاب ٹھیکیداروں کا اعلان دس روز بعد کر دیا جائے گا۔ اس طرح دسمبر کے پہلے ہفتے میں ان منصوبوں پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین