• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفرنڈم کی بات کرنا غیرآئینی ہے، نقصان نواز شریف کا ہی ہوگا، خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ ان کا حق ہے،عمران خان خیبرپختونخواہ میں ناکام ہوچکے ہیں،عمران خان کے صوبے میں تو ایک خاتون کو انصاف نہیں مل سکا اور ان کی بہتر پولیسنگ کے دعووں کا بھی پول کھل چکا ہے۔ وہ سکھر میں گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج فار ویمن میں ویڈیو لنک اور کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اخلاقی و سیاسی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے، نواز شریف کو غیر آئینی راستہ اختیار کرنے پر پہلے بھی نقصان ہوا ہے، اس لیے ان کو میرا مشورہ ہے کہ وہ گالم گلوچ وغیر آئینی راستہ اختیار کرنے کے بجائے عدالتوں کا سامنا کریں، عدالت کے فیصلوں کو من وعن قبول کرکے آئینی راستہ اختیار کریں، اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو مزید بھٹک جائینگے،میاں نواز شریف کی جانب سے ریفرینڈم کی بات کرنا بھی غیر آئینی ہے اور انہیں نقصان ہوگا، میں شروع سے میاں نواز شریف کو مشورہ دیتا آیا ہوں کہ اس طرح کا طرز عمل نہ اپنا یا جائے کہ جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو، غیر آئینی طرز عمل سے انہیں مزید نقصان ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، سراج الحق یا دینی جماعتوں کا کوئی اتحاد بن رہا ہے تو یہ ان کا حق ہے ، اتحاد پہلے بھی بنتے رہے ہیں، سندھ میں بھی اگر ہمارے خلاف کوئی اتحاد بنا ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پیپلزپارٹی کے خلاف کوئی فرق نہیں پڑتا، عمران خان کے سندھ میں دوروں یا پیپلزپارٹی کے مخالف گرینڈ ڈیمویٹک الائنس (جی ڈی اے) سے کوئی فرق نہیں پڑے گا یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ کس کو منتخب کرتے ہیں ، ہمارے خلاف بننے والے اتحاد پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہو ں گے۔
تازہ ترین