• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقصد اقتدار کا حصول نہیں، مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی ( پ ر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ پاکستان کے عوام پر ہونیوالے مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا ہے، ہمیں آئندہ آنے والی نسلوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے صدر انیس قائم خانی، سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کوئٹہ آمد پر پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کا ایئرپورٹ پر شاندار تاریخی استقبال کیا گیا، ہزاروں کی تعداد میں کارکنان ایئرپورٹ پر جمع ہوئے جہاں سے ایک عظیم الشان ریلی کی صورت میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچموں کی بہار میں سید مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گزر کر ورکرز کنونشن میں شریک ہوئے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلوچستان کی طرح کراچی میں بھی راء کے ایجنٹس نے حالات خراب کر رکھے تھے لیکن ہم نے ان کی حقیقت لوگوں پر عیاں کر دی ہے اور پہلے دن جو بات کی تھی آج بھی اسی پر ڈٹے ہوئے ہیں، روزانہ بدلتے ہوئے حالات کے مطابق اپنے بیانات نہیں بدل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں حکمرانوں کے مظالم کی وجہ سے بچے بھوک سے مر رہے ہیں، تعلیمی نظام تباہ حال ہے، اسپتالوں میں علاج کی سہولت موجود نہیں، ملک بھر میں غربت اور دہشتگردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان پاک سر زمین پارٹی کا پیغام ہر گھر میں پہنچائیں، آئندہ انتخابات میں پاک سر زمین پارٹی بلوچستان میں بھی خوشگوار تبدیلی لے کر آئے گی۔
تازہ ترین