• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی مزید 40سال بھی کوشش کرلے،کراچی پر قبضہ نہیں کرسکتی،خواجہ اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزید 40سال بھی کوشش کر لے تو وہ کراچی پر سیاسی قبضہ نہیں کر سکتی ۔ انہیں پہلے لیاری والی سیٹ کو بچانا چاہئے ، جو خطرے میں ہےپیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کو بھی منظور وسان کی طرح خواب دیکھنے کی بیماری لگ گئی ہے۔ وہ کراچی پر قبضے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں ۔ خواجہ اظہار الحسن پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سعید غنی پیپلز پارٹی کی قیادت کو سبز باغ نہ دکھائیں ۔ کراچی کے حلقہ پی ایس 114 میں ہاتھ کی صفائی دکھائی گئی ۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں ۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کا مستقبل خطرے میں ہے ۔ پیپلز پارٹی میں اندر سے بغاوت ہو گی اور یہ آئندہ انتخابات میں نظر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم مرحوم پاکستان کے قد آور سیاست دان اور انتہائی محترم شخصیت تھے ۔ ان کی برسی کے موقع پر سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کے بجائے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقاریر ہونی چاہئے تھیں اور یہ معاملہ سندھ اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ہونا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی یہ ہے کہ تھر میں بچے غذائی قلت کا شکا رہیں اور وہاں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ۔ انہوںنے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کی عدم دلچسپی کے حوالے سے کہا کہ پیر کا دن سندھ حکومت کے لیے شرمندگی کا دن ہے کیونکہ اجلاس وقت پر شروع کرنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔
تازہ ترین