• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرہ تجاوزات آپریشن ،ضلعی انتظامیہ اور صوبائی وزیرآمنے سامنے

نوشہرہ (نمائندہ جنگ)نوشہرہ کلاں میں نوشہرہ مردان روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن پرضلعی انتظامیہ اور صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل آمنے سامنے آگئے ہیں ۔ صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر محسن حبیب کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن دوربارہ شروع کردیا ہے ۔ صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل کاکہنا ہے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کے توہین امیز رویہ اور عوامی مینڈیٹ کے توہین کی وجہ سے وہ اس پر مجبور ہوئے ہیں ۔ڈی سی نوشہرہ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی سفارشات اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ چیف سیکرٹری کو بھجوادی۔ جمعہ کے روز نوشہرہ کلاں میں مردان روڈ پر واقع مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے خلاف چونگی چوک سے کابل ریور تک تجاوزات کے خلاف ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محسن حبیب نے محکمہ ریونیو ، پولیس ، اور ٹی ایم اے سٹاف کے ہمراہ بھر پور اپریشن شروع کیا۔ جس پر میاں جمشید الدین کاکاخیل نے کار سرکار میں مداخلت میں مداخلت کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ کواپریشن فوری روکنے کی ہدایت کی۔ اور اے اے سی کو سخت باتیں سنائیں اور تلخ کلامی کی ۔ بعد ازاں ڈی سی نوشہرہ آفس میں اے اے سی محسن حبیب اور میاں جمشید الدین کاکاخیل میں راضی نامہ کرایا گیا۔ اور فیصلہ کیاگیا کہ تحصیل نائب ناظم فواد علی خان اور ویلج ناظم اعجاز خان پر مشتمل کمیٹی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کراکر تاجروں کے ذریعے از خود تجاوزات ہٹائے گی۔ اے سی نوشہرہ جمشید خان کے مطابق کمیٹی نے وعدے کے مطابق کام نہیں کیا۔ اور بلدیاتی نمائندے پیچھے ہٹ گئے جس پر صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل نے تحریک استحقاق خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمع کرادی۔ میاں جمشید الدین کاکاخیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کے تضحیک امیز رویے کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی ہے ۔ تحریک استحقاق کی بات جیسے ہی میڈیا پر چلی تو ضلعی انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی اور ڈی سی نوشہرہ خواجہ محمد سکندر ذیشان نے نوشہر ہ مردان روڈ پر جاکر اپریشن شروع کروادیا جس میں ٹی ایم اے نوشہرہ کی بھاری مشینری نے حصہ لیا۔ آپریشن کی نگرانی اے سی نوشہر ہ جمشید خان اور ٹی ایم او نوشہرہ علی رضا کررہے تھے۔ ڈی سی نوشہرہ نے بتایا کہ سڑک کے سنٹر سے دونوں طرف55 فٹ کا علاقہ خالی کرائیں گے۔ ڈی سی نوشہرہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ضلع بھر میں جی ٹی روڈ پر نوشہرہ کلاں، رشکی، جہانگیرہ اکوڑہ خٹک، پبی میں تجاوزات کے خلاف اپریشن جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میاں جمشید الدین کاکاخیل نے آپریشن رکوایا جس سے مسائل بنے یہ کار سرکار میں مداخلت کے مترادف تھا ۔دریں اثنا سیکرٹری ایکسائز جاوید مروت کی قیادت میں صوبائی سیکرٹریز کے اعلی سطحی وفد نے جمشید الدین کاکاخیل سے ملاقات کی ان کو معاملہ مزید الجھانے سے روکنے کی کوشش کی۔
تازہ ترین