• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظام مصطفیٰ متحدہ محاذ کا سیاسی سرگرمیوں اورعوامی رابطہ مہم کے آغاز کا اعلان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) اہل سنت کی سیاسی ومذہبی جماعتوں پرمشتمل اتحاد” نظام مصطفی متحدہ محاذ “ نے قومی سطح پر سیاسی سرگرمیوں اورعوامی رابطہ مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئےکہاہے کہ 20 دسمبر کو نظام مصطفی علما مشائخ کنونشن میں آئندہ کے لائحہ عمل سمیت منشور کا اعلان کیاجائے گا اور ربیع الاول کے بعد چاروں صوبوں میں بڑے سیاسی جلسے کئے جائیں گے اور کراچی سے راولپنڈی تک کاروان چلایا جائے گا ۔ جمعہ 24 نومبر کو ملک بھر میں " یوم ختم نبوت " منایا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ ادارہ تعلیمات اسلامیہ راولپنڈی میں علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ کی میزبانی میں ہونے والے نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سربراہی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں محاذ کے کنوینر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی ، جماعت اہل سنت کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ، جے یو پی کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی ، نظام مصطفے پارٹی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر محمد حنیف طیب ، جمعیت علما پاکستان کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر ، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی نائب صدر شاہد غوری ، جے یوپی نیازی کے مرکزی نائب امیر مولانا محمد عباس ہاشمی ، فلاح پارٹی کے صدر قاضی عتیق الرحمن ، قومی اسمبلی کے سابق رکن صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری ، محمد عثمان خان نوری ، میاں خالد حبیب الہی ، پنجاب اسمبلی کے رکن پیر سید محمد محفوظ مشہدی ، عبدالرزاق ساجد ، صاحبزادہ سید صفدر شاہ گیلانی ، امانت علی زیب ، سید جواد الحسن کاظمی ، ڈکٹر ظفر اقبال جلالی اور دیگر نے شرکت کی ۔ بعدازاں پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی کرنے والوں کی برطرفی تک عوامی بے چینی ختم نہیں ہو گی ۔ ختم نبوت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔ علامہ سیدحامد سعید کاظمی نے کہاکہ تحریک لبیک کےمطالبات کی حمایت کرتے ہوئے حکومت کومتنبہ کرتے ہیں کہ شرکاء دھرنا پر تشد دسے بازرہے اوربامقصد مذاکرات سے معاملہ پرامن طور پر حل کیا جائے ۔ ریاض حسین شاہ نے بتایا کہ اتحاد میں اہل سنت کی دیگرجماعتوں سمیت آستانوں کے مشائخ عظام شامل کیاجائے گا۔میلادالنبی کے تمام پروگراموں کو ختم نبوت سے منسوب کیا جائے گا اور عقیدہ تحفظ ختم نبوت کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں اہل سنت کےرہنماؤں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات اہل سنت مشترکہ طورپرلڑیں گے انتخابی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔
تازہ ترین