• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتہ افراد ،وفاقی کمیشن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رپورٹ طلب

اسلام آباد(طاہر خلیل) 1498لاپتہ افرادکے کیسز پر وفاقی کمیشن نے انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ 40افراد بازیاب کرالئے گئے۔وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے چئیرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے نومبر2017کی رپورٹ جاری کردی۔کمیشن نے گزشتہ ماہ کے دوران مبینہ طور پرجبری گمشدگیوں کے 506کیسوں کی سماعت کرتے ہوئے 46کیس نمٹادئیے 40فراد کو بازیاب کرایاگیاجبکہ گزشتہ ماہ کے دوران کمیشن کے پاس مبینہ طور پر جبری گمشدگی کے 104نئے کیس درج ہوئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد1498ہوگئی ہے۔اتوار کوکمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق نومبر 2017کے دوران جسٹس(ر)جاوید اقبال، جسٹس(ر)ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے506کیسوں کی اسلام آباد،لاہور اورکراچی میں سماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس ادار و ں کے نمائندے پیش ہوئے، نومبرمیں 506 کیسوں کی تفصیلی سماعت کے دوران40لاپتہ افراد کاسراغ لگایاگیا،5افراد کے کیس نامکمل کوائف پر بندکر دئیے گئے اور1 ڈیڈ باڈی ریکور کی گئی، جن افراد کا پتہ چلایا گیا،ان میں بعض بحالی مراکز میں ہیں،نومبر میں کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کے104نئے کیس درج کرائے گئے اس طرح اب کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 1498ہو گئی ہے ،رواں ماہ کے دوران کمیشن کے ارکان اسلام آباد،لاہور ،کوئٹہ اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی سماعت کر رہے ہیں۔عوام کی سہولت کے لئے کمیشن نے www.coioed.pk کے نام سے ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر کیسوں کی تفصیل اور سماعت کی تاریخوں سمیت دیگر معلومات دستیاب ہیں جبکہ سول سیکرٹریٹ پنجاب لاہور میں کمیشن کا باضابطہ طور پر سب آفس قائم کر دیاگیا ہے ۔
تازہ ترین