• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کتب میلہ، آج آخری دن،ہفتہ وار تعطیل میں2 لاکھ سے زائد شہریوںکی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری پانچ روزہ تیرہواں کتب میلے کا آج آخری دن ہے ،اتوار کے روز ہفتہ وار تعطیل پر کتب میلے میں پورا شہر اُمڈ آیا ، متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت سماجی وادبی شخصیات کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا اور کتابوں کی اس منفرد نمائش کو سراہا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالی ذہن شیطان کا کارخانہ ہوتا ہے ذہنی نشوونما کیلئے کتابوں سے محبت کرنی چاہیے، یہ ایک ایسا موقع ہے کہ جس کے ذریعہ علم کی شمع روشن کی جاسکتی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ایونٹ شہریوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کا باعث بنتے ہیں ، کتب میلے کی اچھی روایت قائم کی گئی ہے ، بین الاقوامی کتب میلے کاانعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ اس شہر کے لوگ کتب دوست ہیں۔ نمائش کے منتظمین کے مطابق اتوار کو 2لاکھ سے زائد افراد نمائش میں شریک ہوئے، بچوں کی تھری ڈی فلیش کارڈ اسٹالز پر رش، لاکھوں روپوں کی بچوں کی کہانیوں، ناولز، ڈرامہ ، امور خانہ داری اور تاریخی واقعات پر مشتمل کتب کی ریکارڈ توڑ خریداری نوٹ کی گئی۔ محتاط اندازے کے مطابق کتابوں کے شوقین نے ڈھائی لاکھ سے زائد کتابیں خریدیں۔ ہفتہ وار تعطیل کے باوجود درجنوں اسکولز ، کالجز، مدارس اور جامعات، کیڈٹ کالج گڈاپ کے طلباء و طالبات نے بھی کتب میلے میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ نمائش میں آنے والے بچوں نے اردو اور انگریزی زبان میں کہانیوں کی کتب میں دلچسپی دیکھائی جبکہ خواتین و مرد حضرات نے ریکارڈ ناولز، ڈرامہ ، امور خانہ داری اور تاریخی واقعات پر مشتمل ریکارڈ توڑ کتب خریدیں۔ اتوار کو عالمی کتب میلے میں ایم کیو ایم کے امین الحق، شیخ صلاح الدین ،سردار احمد، کلکٹر کسٹم آصف مرغوب صدیقی، ڈاکٹر ادیب رضوی اور دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین