• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹھارہ سوپینتالیس میں قائم چرچ مشن گورنمنٹ اسکول کی بہتری کیلئے تیاریاں

کراچی (سید محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، قومی کوچ اور منیجر انتخاب عالم کئی دہائیوں کے بعد مادر علمی گورنمنٹ چرچ مشن پہنچے جہاں سے انہوں نے اپنی تعلیم اور کرکٹ کے عظیم الشان کیریئر کا آغاز کیا تھا، یہی وہ اسکول سے جس کے طالبعلم کی حیثیت سے 1959ء میں انتخاب عالم نے پاکستانی قومی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا اور پہلے اوور کی پہلی بال میں آسٹریلوی کپتان کو آئوٹ کر کے پہلی وکٹ حاصل کی۔ ایک سابق طالب علم کی حیثیت سے انتخاب عالم کا چرچ مشن اسکول کا یہ دورہ اس اسکول کے سن 50 ء اور 60 ء کی دہائی کے ان سابق طلباء کی تنظیم کا حصہ ہے جس کے تحت وہ حکومت سندھ کے محکمہ تعلیم کے تعاون سے کراچی کے اس قدیم ترین اسکول کو جو 1845 میں قائم ہوا تھا دوبارہ اس کا وہی سابق معیار اور ماحول لوٹانا چاہتے ہیں۔ چرچ مشن اسکول نے صرف انتخاب عالم ہی نہیں بلکہ جاوید میاں داد، مشتاق محمد، ہارون رشید جیسے نامورکرکٹر پیدا کئے جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں سالوں ملک کا نام روشن کیا۔ چرچ مشن اسکول کے تعلیم یافتہ ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجر، ماہر تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اس وقت ملک اور بیرون ملک انتہائی نمایاں پوزیشن پر پاکستان کانام روشن کر رہے ہیں لیکن چرچ مشن اسکول جس شخصیت کی وجہ سے ہمیشہ ایک قومی یادگار کی طرح زندہ رہے گا،وہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی شخصیت ہے جو 1892 میں اس اسکول کے طالب علم تھے۔ قدیم طلباء کی تنظیم چرچ مشن اسکول المنائی اس اسکول کو اس سطح پر لانے کے لئے کوشاں ہیں، یہ تنظیم جس میں نمایاں متحرک ممبران میں کیلی فورنیا سے اسکول کے انتہائی نمایاں تعلیمی کیریئر کے حامل معراج نذر، لاس اینجلس سے وسیم اختر، امریکا ہی سے اقبال مولوی اور پاکستان سے سیوٹ کے ممتاز ڈاکٹر الطاف ہاشمی اور سی بی ایم کے سینئر پروفیسر عبدالقادر مولوی، ممتاز شہری قطب سیف الدین اور انہی کی طرح کے 50 ؍ سے زائد انتہائی فعال اور متحرک ممبران شامل ہیں۔
تازہ ترین