• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعلی تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، گورنر سندھ محمد زبیر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہےکہ اعلی تعلیم ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیونکہ اعلی تعلیم کے بغیر کو ئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلی تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے 20 ویں جلسہ تقسیم اسناد 2017 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع انسٹیٹوٹ کے چانسلر بشیر جان محمد ،صدر سید طالب کریم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سبینہ محسن اور سکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز محمد حسین سید بھی موجود تھے ۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مختلف شعبوں کے 850 طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔ گورنر سندھ نے تحقیق کے شعبہ میں مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات میں تحقیق کا فروغ اشد ضروری ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انسٹیٹیوٹ کے چانسلر بشیر جان محمد نے کہا کہ ادارے میں تحقیق پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ طالب علموں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جاسکے اور وہ عملی میدان میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں ۔ انسٹیٹیوٹ کے صدر سید طالب کریم اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سبینہ محسن نے اپنے خطاب میں انسٹیٹیوٹ کی ماضی کی کارکردگی، نئے شعبہ جات کے اضافے اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں گورنر سندھ کو بریفنگ دی۔ تقریب میں گورنر سندھ نے نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں گولڈمیڈلز تقسیم کئے۔
تازہ ترین