• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی سطح پر بڑھ گئیں، امجد بشیر

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات نے کہا ہے کہ عالمی ادارے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں ناکام رہے۔ کشمیر، برما، فلسطین میں اقوام متحدہ اور عالمی فورم بری طرح ناکام ہوگئے۔ کشمیر میں بھارتی فوج خود اپنی ہی عوام پر خطرناک ہتھیار استعمال کررہی ہے۔ ممبر یونین پارلیمنٹ امجد بشیر نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی سطح پر بڑھ گئیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر، روہنگیا، فلسطین میں جاری قتل و غارت پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے اور عالمی ادارے ان خلاف ورزیاں کو روکنے میں بری طرح ناکام اور بے بس نظر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اپنے ہی شہریوں پر انتہائی خطرناک کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے جس کو میں نے یورپی پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے اور اسی وجہ سے بھارت جانے والے پارلیمانی وفد میں سب کو بھارتی ہائی کمیشن نے ویزا جاری کیا مگر مجھے کشمیر کاز کے لیے کام کرنے کی وجہ سے ویزا دینے سے صاف انکار کردیا۔ امجد بشیر کا کہنا تھا کہ وہ یورپی پارلیمنٹ سمیت ہر فارم پر مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔ اس موقع پر کشمیری رہنما طارق بٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری دہشت گردی سے بے گناہ کشمیریوں کے قتل و غارت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کا عالمی برادری کو سختی سے نوٹس لینا انتہائی افسوسناک ہے۔ سابق کونسلر اور ٹوری پارٹی کے مقامی رہنما چوہدری محمد الیاس نے کہا کہ دنیا کو بھارتی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اپنے شہریوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کررہی ہے جس سے کئی سو نوجوان بینائی سے محروم ہوگئے۔ عورتیں، بچوں پر ظلم و ستم کیا جارہا ہے مگر عالم اسلام اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ چوہدری الیاس نے ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر کی کشمیر کاز اور روہنگیا کے لیے کانفرنس کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ممبر پارلیمنٹ امجد بشیر نے یورپی پارلیمنٹ میں بہت جلد کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا۔
تازہ ترین