• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ اور اسرائیل کے عزائم ناکام بنانے کا وقت آگیا ہے، سلیم بھٹی

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ) بیت المقدس کی آزادی مسلم ممالک پر فرض ہوچکی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان اسلامی ملکوں کیلئے ایک کھلا چیلنج ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے نام پاک عزائم کو خاک میں ملانے کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کشمیری رہنما اور مسلم لیگ ن وٹفورڈ برانچ کے نائب صدر محمد سلیم بھٹی نے برانچ کی میٹنگ سے خطاب میں کیا۔ محمد سلیم بھٹی نے کہا کہ روس کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے بعد امریکہ نے پوری دنیا میں ریاستی دہشت گردی کا دائرہ وسیع کردیا ہے جس کی واضح مثال امریکہ کا بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کیلئے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا ہے ایسی صورت میں اقوام متحدہ کی حیثیت لیگ آف نیشن بن کر رہ گئی ہے۔ اندرون خانہ بڑی طاقتوں کے اختلافات نے بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔ بڑی طاقتوں نے بھارتی کشمیر ، اسرائیل کے زیر تسلط علاقوں کو آزادی دلوانے کے بجائے دنیا کو اپنے اپنے بلاک میں تقسیم کررکھا ہے۔ محمد سلیم بھٹی نے او آئی سی اور عرب لیگ کے ممبرز ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطین خالی کرنے کا ٹائم ٹیبل دیں،اقوام متحدہ اس ٹائم ٹیبل پرعمل کرانے کیلئے اسرائیل پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جس پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ہے۔ مسلمانوں کی قومی غیرت ہم سے مطالبہ کرتی ہے کہ مسلمان ملک متحد ہوکر بیت المقدس کی آزادی کیلئے اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کریں۔ محمد سلیم بھٹی نے سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جس میں اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے بیت المقدس کو مسلمانوں کا قبلہ اول اور یروشلم کا حصہ تسلیم کیا ہے۔ محمد سلیم بھٹی نے او آئی سی کے ممبر ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک تحقیقاتی کمیشن بنائیں جو اس بات کی تحقیق کرے کے ڈونلڈ ٹرمپ کی اس سازش میں کتنے اسلامی ملک شامل ہیں۔

تازہ ترین