کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز شاعر اور نقاد پروفیسر سحر انصاری نے کہا ہے کہ مشاعرے اردو زبان وادب کے فروغ کا ایک وسیلہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منیر ہاٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کی سالانہ تقریب کے موقع پر منعقدہ محفل مشاعرہ کے دوران خطاب میں کیا۔جس کی نظامت خوش فکر شاعرہ سحر علی نے کی جبکہ ساکنان شہر قائد کے رکن حسن امام صدیقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ صاحب صدر کے علاوہ جن شعرا نے کلام سنایا ان میں پروفیسر منظر ایوبی، رئیس باغی، اختر سعیدی، قیصر وجدی، نسیم شیخ، رضی عظیم آبادی اور سحر علی کے اسمائے گرامی نمایاں ہیں۔ دورا ن تقریب میٹرک کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو شیلڈز اور تقریری مقابلے میں حصہ لینے والوں کو انعامات پیش کئے گئے۔