• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں جنرل ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا جائے، اشتیاق بیگ

کراچی (پ ر )ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اشتیاق بیگ نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ ملکی معیشت کے وسیع تر مفاد میں جنرل ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا جائے جس کے تحت بزنس مینوں کا وہ سرمایہ جو پاکستان بالخصوص کراچی کی خراب امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر بیرون ملک منتقل ہوگیا تھا، واپس لایا جاسکے۔ اشتیاق بیگ نے کہا کہ اگر حکومت ملکی مفاد میں ایسی اسکیم کا اعلان کرتی ہے تو حکومت کو 25سے 30 ارب ڈالر حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں ملک میں دہشت گردی بالخصوص کراچی میں امن و امان کی بدترین صورتحال کے باعث ایک بڑا سرمایہ ملک سے باہر منتقل ہوگیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف دبئی کی رئیل اسٹیٹ میں پاکستانیوں نے گزشتہ سالوں میں 6 سے 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اشتیاق بیگ نے کہا کہ دبئی کی رئیل اسٹیٹ آج کل بحران کا شکار ہے اور پاکستانی سرمایہ کار ملک بالخصوص کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث اپنا سرمایہ آفیشل چینل کے ذریعے وطن واپس لاکر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ایمنسٹی اسکیم کو ایف پی سی سی آئی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ اشتیاق بیگ نے کہا کہ انہوں نے ایمنسٹی اسکیم پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سے حالیہ ملاقات میں بھی تبادلہ خیال کیا اور انہیں اسکیم کے فوائد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اشتیاق بیگ نے اپوزیشن سے ملکی مفاد میں جنرل ایمنسٹی اسکیم کی حمایت کی اپیل کی۔
تازہ ترین