• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سےمعیشت تباہ ہورہی ہے،نواب وسان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب خان وسان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی ادارے کمزور اور معیشت تباہ ہورہی ہے، مفاد پرست سیاست دانوں نے ملکی معاشی بحران کا شکار کیا اور زرعی معیشت کو تباہ کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں محمد بشیر آرائیں کی کابینہ کی جانب سے فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں حصہ لینے والے برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدواروں اور تاجررہنمائوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پر صدارتی امیدوارغضنفر بلور،سینئر نائب صدر کے امید وار سید مظہر علی ناصر،خیرپور چیمبرسے سندھ کے کوٹے پر فیڈریشن الیکشن میں نائب صدر کی امیدوار شبنم ظفر،نائب صدر کے امیدوار وحیداحمد،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،، سینیٹرالیاس بلور،عبدالسمیع خان، ممتاز شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔نواب خان وسان نے کہاکہ سندھ میں صنعتوں کا جال بچھایا جارہا ہے جس سے سندھ بھر میں معیشت مضبوط ہوگی،روزگار کے مواقع ملیں گے اور غربت کا خاتمہ ہوگا،خیرپور کے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے، خیرپور اکنامک زون کی ترقی سے خیرپور میں معاشی خوشحالی آئے گی اور شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ نواب خان وسان نے خیرپور سمیت سندھ بھر میں جہاں چیمبرز آف کامرس کے دفاتر نہیں ہیں وہاں سندھ حکومت کے تعاون سے پلاٹ کی جگہ اور بلڈنگ کی تعمیر کے لئے فنڈنگ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تازہ ترین