• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی اکرمﷺ نے ہمیں اللہ تعالیٰ سے ملاکر دنیاوی خدائوں سے نجات دلائی، علامہ قمر اعظمی

برسلز(عظیم ڈار) برسلز میں واقع جامعہ مسجد عابدین کی انتظامیہ کی جانب سے میلاد مصطفیٰؐ کی محفل مسجد ہذا کے امام و خطیب حضرت مولانا حافظ و قاری محمد انصر نورانی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میلاد النبیؐ کے موقع پر برطانیہ سے خصوصی طور پرمفکر اسلام خطیب عصر علامہ مولانا محمد قمر الزمان اعظمی نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں رسول اللہ کی ولادت با سعادت اور اس سے قبل زمانوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انسانی فطرت کے دیگر پہلوئوں کو اسلام کی روشنی میں اجاگر کیا اور کہا کہ جب قرآن حکیم فرقان حمید نے درجنوں انبیاء کرام کے واقعات ان کی ولادت ان کی سیرت اور ان کے بیان نقل کئے ہیں تو ہم محض اس حقیقت سے کیوں منہ موڑ لیتے ہیں کہ انسان کی فطرت میں اللہ تعالیٰ نے احساس خوشی، غمی، دکھ ، سکھ اور آزادی، غلامی جیسے حالات رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کے مزاج میں جشن پسندی شامل ہے تو ہم رسولؐ کی آمد کا جشن کیوں نہ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کامفہوم اللہ تعالیٰ کے آگے جھک جانا ہے۔ زمین گردش کررہی ہے حکم الٰہی سے آسمان موجود ہے، حکم الٰہی سے ستاروں کی تابندگی ہے، حکم الٰہی سے کہکشاں کا نظام، دریائوں کی روانی، سبزوں کی چادر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حضور اکرمؐ نے اللہ تعالیٰ سے ملا کر دنیا جہاں کے خدائوں سے نجات دلائی اور ایک اللہ سے متعارف کروا کر پوری انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے باہر نکالا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام کو اپنے سینوں میں محدود کرکے رکھ دیا ہے۔ جبکہ ہمیں آج اصلاح کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی رسول اللہ کا دنیا میں آنا ہے اور ہم اس خوشی کو مناکر اللہ کے حضور اس کی نعمتوں کا شکر بجا لاتے ہیں۔ مسجدعابدین کے امام و خطیب حضرت علامہ حافظ وقاری محمد انصر نورانی نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے آقائے نامدار ؐ کے مختلف واقعات کو بیان کیا اور گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک کےساتھ حافظ نور انگیز نے کیا اور حضورؐ کی خدمت میں محمد طاہر، ارسلان فاروق، محمد سعید، حاجی رفیق، محمد افتخار، محمد انور نے ہدیہ تبریک پیش کیا۔ جامع مسجد عابدین سے قرآن و سنت کی تعلیم حاصل کرنے والے حافظ ڈاکٹر محمد اسامہ نے فرنچ زبان میں نبی کریمؐ کے واقعات پر مختصراً روشنی ڈالی جسے وہاں آئے بچے اوربڑے جو بلجیم ہی میں پیداہوئے ہیں نے فرنچ زبان میں آقا علیہ السلام پر بیان کو بھرپور انداز میں سراہا۔ مسجد نور الحرم اینٹورین کے امام و خطیب حضرت مولانا عبداللطیف چشتی نے اختتام پر دعا کی۔ میلاد النبیؐ کانفرنس میں بلجیم بھر سے علماء، سیاسی، سماجی، مذہبی، رفاعی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ جبکہ مسجد کمیٹی کے چیئرمین حاجی قمرالزمان آف سیکرالی اور دیگرممبران نے مہمانوں کی تواضع کیلئے بہترین انتظام کیا ہوا تھا۔ پروگرام میں مقامی میڈیا کے نمائندے بھی شریک تھے۔
تازہ ترین