• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا، صاحبزادہ سلطان

لندن (ودود مشتاق) عالمی تنظیم العارفین کے سربراہ اور چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمدعلی نے کہا ہے کہ صوفیا کی تربیت باہمی احترام اور محبت پر قائم ہوتی ہے، جبکہ نظریات میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور خلیج سے معاشرے میں واضح طور پر تقسیم سامنے آرہی ہے۔ اس مقصد کے لئے مسلمانوں کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ سائوتھ آل میں تنظیم العارفین کے زیراہتمام عید میلاد النبیؐ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا کی تربیت کو نوجوانوں میں عام کرتے ہوئے باہمی احترام اور محبت کو فروغ دیا جائے، تاکہ مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے مابین مذہبی رواداری میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے سکھایا ہے کہ مسلمانوں میں انتہا پسندی کی گنجائش نہیں۔ ہر فرقہ اور مذہب شدت پسندی کی حوصلہ شکنی کرے اور باہمی احترام اور محبت کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں محبت کے فروغ کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ قاری امین چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ختم نبوتؐ ہر مسلمان کا بنیادی عقیدہ ہے۔ اس پر کوئی دوسری رائے نہیں بلکہ اس مسئلے پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا نے اسلام کی سربلندی کے لیے عظیم کارنامے سرانجام دیے، جن پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے ملک نصیر اعوان، بیرسٹر عاطف میاں، رائو کاشف اور دیگر مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ متحد ہوکر نوجوانوں کی اصلاح اور تربیت پر زور دے۔ اس موقع پر حضور نبی کریمﷺ کی شان میں درودوسلام اور نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔
تازہ ترین