• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امت مسلمہ کو عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے اسوۂ حسنہ کو اپنانا ہوگا، پیر ریاض اسلمی

بریڈ فورڈ(محمد رجاسب مغل) سجادہ نشین دربار عالیہ شادپور شریف صاحبزادہ پیرریاض اسلمی نے کہا کہ اگر دنیا میں مسلمان اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرنا چاہتے ہیں تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنانا ہوگا۔ عالم اسلام کو متحد ہوکر اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، وہ خلیفہ مجاذ صوفی عبدالرزاق کی جانب سے منعقدہ جشن میلاد کانفرنس سے صدارتی خطاب کررہے تھے، جامعہ محمدیہ بریڈ فورڈ میں کانفرنس سے قبل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا جلوس بھی نکالا گیا۔ صاحبزادہ ریاض اسلمی نے کہا کہ حضور اکرمﷺکی ولادت با سعادت کائنات پر اللہ رب العزت کا احسان عظیم ہے، میلاد مصطفیٰؐ کی محافل و جلوس سیرت النبیؐسے آگاہی کا موثر ذریعہ ہیں، مقصد میلاد دراصل پیغام مصطفیٰؐ ہے۔ ہمیں اپنے کردار و اخلاص سے اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہوگا۔ تقریب سے سید سلطان شاہ مشہدی خلیفہ مجاز صوفی عبدالرزاق اور دیگرمقررین نے بھی سیرت رسولؐ پرروشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ دینی محافل میں شرکت کرکے اسلام کے حقیقی پیغام سے استعفادہ کریں۔ میلاد کانفرنس اور جلوس میں سرد موسم کے باوجود کثیر تعداد میں عقیدت مندان نقشبندیہ مجددیہ اسلمیہ نے شرکت کرکے تقریب کو نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت کے نعروںسےگرمائے رکھا۔ نوجوانوں نے خوبصورت انداز میں گلہائے عقیدت بحضور ﷺ پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، آخر میں صاحبزادہ پیر ریاض اسلمی نے امت مسلمہ اور استحکام پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی۔ شرکاء کانفرنس کو میلاد کا لنگر بھی پیش کیا گیا۔
تازہ ترین