• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری قوم آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گی، ظہیر زاہد

برسلز (نمائندہ جنگ) کشمیری قوم آزادی کی خاطر خون کے آخری قطرے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ وادی کشمیر سے بھارتی حکومت کے جبری قبضے کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ قائد انقلاب یٰسین ملک کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جے کے ایل ایف بلجیم برانچ کے جنرل سیکرٹری ظہیر زاہد نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک امن پسند قوم ہے جسے پچھلے ستر سالوں سے بھارتی سیکورٹی فورسز نے اسلحے کے زور پر محکوم بنا رکھا ہے تاکہ خطہ کشمیر پر اپنی حکومت قائم رکھ سکے۔ یٰسین ملک کو لال چوک سرینگر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ ریاست جموںکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے خلاف اور کشمیری قوم کے غیر محدود، غیر مشروط اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق، حق خودارادیت کے حق میں UNآفس کی طرف نکالی جانے والی پرامن ریلی کی قیادت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یٰسین ملک کی گرفتاری بھارتی نام نہاد جمہوریت اور سیکولر ازم کی دعویدار کشمیریوں کی قاتل بھارتی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے تو دوسری طرف انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں، عالمی برادری، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے بڑا سوالیہ نشان ہے۔ کشمیریوں کی نئی نسل کو بے دردی کے ساتھ مظالم کا شکار بناکر تحریک آزادی کو روکنے کے حربے استعمال کئے جارہے ہیں، جس سے وادی کے مکین خوف و ہراس اور موت کے سایوں میں اپنی مجبور زندگیاں گزار کر آزادی کی شمع کو جلائے ہوئے ہیں کہ کب کوئی مسیحا آکر انہیں آزادی کی زندگی دلانے کے لیے غلامی کی زنجیروں کو توڑے گا۔ ظہیر زاہد نے پوری دنیا میں آباد کشمیریوں کو متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ قائد انقلاب یٰسین ملک کی بے باک اور ولولہ انگیز قیادت میں شہید کشمیر مقبول بٹ شہید اور قائد تحریک امان اللہ خان کے نظریات و افکار پر چلتے ہوئے یہ ثابت کردیں کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کو بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرتے ہوئے منقسم و مقبوضہ مادر وطن کی وحدت اور مکمل آزادی و خودمختاری تک اپنی جدوجہد کو سیاسی اور سفارتی سطح پر منظم انداز میں جاری رکھیں گے اور اپنی حتمی منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے۔
تازہ ترین