• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان موخر، فٹنس ٹیسٹ کے بعد ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب فٹنس سے مشروط کردیا ہے۔فٹنس ٹیسٹ کی وجہ سے پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا اعلان 23 دسمبر کو لاہور میں چیف سلیکٹر انضمام الحق کریں گے۔ پیر کو اعلان ہونے والی ٹیم کا اعلان تاخیر سے کیا جائے گا۔ اسی دن پاکستانی ٹیم کا تین روزہ تربیتی کیمپ قومی اکیڈمی میں شروع ہوگا۔ کیمپ میں بیس کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ کے پہلے دن فٹنس ٹیسٹ اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ انضمام الحق اسی دوران مکی آرتھر سے بھی رسمی مشاورت کریں گے۔ پاکستانی ون ڈے ٹیم میں اظہر علی اور رومان رئیس کو شامل کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پیر کو جنگ کو بتایا کہ پاکستان ٹیم نےنے27 دسمبر کو نیوزی لینڈ جانا ہے اس لئے یہی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23 دسمبر کو کیمپ سے پہلے فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔ اس دوران کچھ کھلاڑیوں کی فٹنس پر جو خدشات ہیں وہ بھی دور ہوجائیں گے۔انضمام نے کہا کہ اظہر علی،شاداب خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم فٹ ہوگئے ہیں لیکن مکمل اطمینان کے بعد ٹیم کا اعلان کریں گے۔ کیمپ میں ٹی 20 کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر بیس کھلاڑی کیمپ میں آئیں گے۔ ٹی 20 ٹیم کا اعلان ابتدائی دو ون ڈے میچوں کے بعد کیا جائے گا۔
تازہ ترین