• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہملٹن ٹیسٹ کا فیصلہ کن مرحلہ، ویسٹ انڈیز ٹیم مشکلات میں

ہملٹن (نیوز ایجنسیز) نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ہملٹن ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا، ویسٹ انڈیز ٹیم اس بار بھی سخت مشکل میں ہے۔ کیویز ٹیم نے دوسری اننگز 291 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کردی اور ویسٹ انڈیز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 444 رنز کا ہدف دیا،اس سے قبل ویسٹ انڈیز ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 221 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ روز ٹیلر نے شاندار سنچری اور کپتان کین ولیمسن نے ففٹی بنائی۔ پیر کو ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 215 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو رائفر 22 اور کمنز 10 رنز پر کھیل رہے تھے۔ لیکن ٹرینٹ بولٹ نے اننگز سمیٹے میں زیادہ دیر نہیں لگائی۔ انہوں نے دو مسلسل گیندوں پر کمنز اور شینن گیریئل کو آئوٹ کرکے کیریبینز کو 221 پر فارغ کردیا۔ رائفر 23 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔میزبان کیویز نے پہلی اننگز میں 373 رنز بنائے تھے۔ کیوی کپتان ولیمسن نے دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز پر ختم کردی۔ روز ٹیلر 107 اور ٹم سائوتھی 22 پر ناٹ آئوٹ تھے۔ 444 رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے بریتھویٹ اور پائول نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ میچ کے تیسرے روز میچ ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز بنالئے تھے ۔
تازہ ترین