• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن سے پہلے پارلیمنٹ کی چھٹی نہیں چاہتی،سلیم مانڈوی والا

Todays Print

کراچی(ٹی وی رپورٹ)پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن سے پہلے پارلیمنٹ کی چھٹی نہیں چاہتی ہے، قبل از وقت انتخابات ہونا غیرآئینی بات نہیں ہے، نئی حلقہ بندیوں کا بل منظور بھی کرلیا گیا تو عدالت میں چیلنج ہوجائےگا،طاہر القادری کے پاس ان کے کاز کی سپورٹ کرنے گئے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی کے ہمراہ میزبان حامد میر سے بات کررہے تھے۔ پروگرام میں امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی جس میں عالم دین مولانا فضل الرحمن خلیل،عالم دین علامہ راجہ ناصر عباس،سینیٹ کے رکن سینیٹر گیان چند،عالم دین ضیاء الحق نقشبندی،رکن قومی اسمبلی خلیل جارج اور رکن صوبائی اسمبلی رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔جاوید عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ کے الیکشن کو ڈسٹرب کرنا چاہتی ہے،آصف زرداری کے طاہر القادری کے پاس جانے پر تاریخ فخر نہیں کرے گی۔خلیل جارج نے کہا کہ ٹرمپ کے اقدامات سے دنیا جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنا پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔سلیم مانڈوی والا نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن سے پہلے پارلیمنٹ کی چھٹی نہیں چاہتی ہے، ن لیگ کا موقف غلط ہے کہ پیپلز پارٹی نے نئی حلقہ بندیوں کو سپورٹ نہیں کیا تو الیکشن موخر ہوجائیں گے، حکومت نے آئینی ترمیمی بل بناتے ہوئے کسی سے مشاورت نہیں کی، قومی اسمبلی میں منظور ہونے والے بہت سے بل سینیٹ میں مسترد ہوجاتے ہیں، نئی حلقہ بندیوں کے بل سے متعلق خبریں ن لیگ کا میڈیا سیل پھیلارہا ہے، میں نے کسی میڈیا کے نمائندے کو اس حوالے سے اپنا موقف نہیں دیا، ن لیگ اس معاملہ پر پیپلز پارٹی کے اندر تقسیم پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات ہونا غیرآئینی بات نہیں ہے، نئی حلقہ بندیوں کا بل منظور بھی کرلیا گیا تو عدالت میں چیلنج ہوجائے گا، طاہر القادری کے پاس ان کے کاز کی سپورٹ کرنے گئے، طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر سب سے سپورٹ کرنے کی درخواست کی تھی، صرف پیپلز پارٹی نہیں دیگر جماعتیں بھی طاہر القادری کے پاس گئی ہیں، آصف زرداری نے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ کسی سیاسی اتحاد کااعلان نہیں کیا۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ٹرمپ کے امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کیخلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہونا چاہئے۔جاوید عباسی نے کہا کہ سینیٹ میں نئی حلقہ بندیوں کا بل پیش ہونے کے آج امکانات تھے، ہمیں کل رات کو پتا چل گیا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اس بل کیلئے حامی نہیں بھری اس لئے سینیٹ میں ہمارے لوگ بھی کم تھے، بل سینیٹ میں وقت پر منظور نہیں ہوا تو انتخابات وقت پر نہیں ہوسکتے، پیپلز پارٹی جس طرح یو ٹرن لے رہی ہے اس کی ان سے توقع نہیں کی جاسکتی تھی، پیپلز پارٹی سینیٹ کے الیکشن کو ڈسٹرب کرنا چاہتی ہے۔جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے طاہر القادری کے پاس جانے پر تاریخ فخر نہیں کرے گی، ملک میں فیصلے دھرنوں نے کرنے ہیں تو معاملات بہت خراب ہوں گے۔مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا کہ ٹرمپ نے امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کر کے عالمی امن کی تباہی کی اینٹ رکھ دی ہے۔علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کیخلاف پاکستان میں بھرپور احتجاج ہونا چاہئے۔ضیاء الحق نقشبندی نے کہا کہ سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے پر مسلمان ممالک امریکا کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کردیں۔

تازہ ترین