• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کل اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے

 اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بیت المقدس کے معاملے پر او آئی سی کے غیر معمولی سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے ،اجلاس 13دسمبر کو استنبول میں ہوگا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق سربراہ اجلاس سے قبل وزراء خارجہ کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف شریک ہوں گے۔ غیر معمولی سربراہ کانفرنس ترک صدر نے او آئی سی سمٹ کے صدر کی حیثیت سے بلائی ہے جس میں بیشتر او آئی سی ارکان کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس میں ٹرمپ کی طرف سے امریکی سفارتخانہ کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کے حالیہ فیصلہ پر غور و خوض کیا جائے گا، او آئی سی رہنما اس صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے طریقے بھی تلاش کریں گے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی فلسطینی عوام کیلئے پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات پہنچائیں گے۔ وہ او آئی سی پر القدس شریف کے مسئلہ پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے اور امریکی انتظامیہ کو اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرنے کیلئے زور دیں گے۔ 
تازہ ترین