• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سندھ خواتین کی 25سال صدر رہنے والی رقیہ خانم سومروانتقال کرگئیں

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ خواتین کی 25 سال صدر رہنے والی رقیہ خانم سومرو انتقال کرگئیں، مرحومہ کی عمر پچاسی برس تھی،انتقال طویل علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں ہوا، تدفین رتو ڈیرو میں کردی گئی،تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سندھ خواتین کی پچیس سال تک مسلسل صدر رہنے والی پیپلز پارٹی کی رہنما بیگم رقیہ خانم سومرو طویل علالت کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ انہیں طویل علالت کی وجہ سے تین سال تک مصنوعی تنفس کے ذریعے بچانے کی کوشش کی جاتی رہی تاہم وہ آخر وقت تک ہوش میں نہ آ سکیں۔ مرحومہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تین بار رکن قومی اسمبلی اور 2008 کے انتخابات میں رکن صوبائی اسمبلی بھی منتخب رہ چکی ہیں۔وہ پیپلز پارٹی کی رہنما بیگم نصرت بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی نہایت قریبی اور قابل اعتماد ساتھی رہیں اور تمام عمر پیپلز پارٹی سے ہی وابستہ رہیں۔ رقیہ خانم سومرو کا ابتدائی تعلق کراچی کے لیاری کے علاقے سے تھا تاہم ان کی شادی میونسپل کمیٹی رتوڈیرو کے چیئرمین اور مشہور زمیندار عبدالواحد سومرو سے ہونے کے بعد انہوں نے ضلع لاڑکانہ کے علاقے رتوڈیرو میں ہی مستقل سکونت اختیار کرلی جہاں وہ بیمار ہونے سے قبل تک مقیم رہیں۔
تازہ ترین