• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری باری آنے دو کوچھوڑو پاکستان کی ترقی کی باری آنےدو،حمزہ شہباز

لاہور(نامہ نگار خصوصی،خصوصی نمائندہ)قومی اسمبلی کے رکن اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میری باری آنے دو کو چھوڑو پاکستان کی ترقی کی باری آنے دو، دھرنوں کی سیاست کو فروغ دینے والے ہوش سے کام لیں،جمہوریت ہی ترقی اور استحکام کا راستہ ہے، 2018ءمیں بروقت انتخابات نہ ہوئے تو پھر اندھیرے ہی اندھیرے ہونگے،حکومت کس کی ہو گی فیصلہ عوام نے کرنا ہے ،پاکستان کو دھرنوں کی سیاست نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت ہے، اگر 2018ءمیں بروقت انتخابات نہ ہوئے تو پھر اندھیرے ہی اندھیرے ہوں گےہماری کوئی منزل نہ ہو گی ۔ وہ گزشتہ روز ایوان اقبال میں ہونہار طلبہ وطالبات کو لیپ ٹاپ دینے کی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔حمز ہ شہباز نے کہا کہ ملک کی تقدیر کا فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہونا چاہیئے ۔حمزہ شہبازنے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ آج پاکستان میں عجیب و غریب ماحول ہے سیاسی جلسوں میں گالی گلوچ الزام تراشی کا طوفان آیا ہوتا ہے۔ملک کی ترقی کا خیال نہیں بس ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔اصل طاقت اخلاقی قوت ہے میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے 4 سال سے خیبرپختونخوا میں میٹرو بنانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ انہوں نے طًلبہ وطالبات اور نوجوان نسل سے کہا کہ آپ ایسے لوگوں کا چنائو کرنا ہے جنہوں نے ملک کی خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرف نے میرا اور میرے خاندان کا10سال تک احتساب کیا،کرپشن کاایک پائی کا بھی ثبوت نہیں ملا ۔ حمزہ شہبازنےکہا کہ عمران خان نے 2013ءمیں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں 350ڈیمز بنائونگا مگرایک بھی ڈیم نہیں بنایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر جان کی قربانی دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سیاستدانوں کو ان شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا چاہئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا تعلیم کو عام کرنے سے ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ملک دشمنوں کو پاکستان کی ترقی کھٹک رہی ہے پاکستان کی ترقی کے منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں پاکستان کو دھرنوں کی سیاست نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین