• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپتالوں کے معاملات ایک ہفتے میں درست کئے جائیں، سیکرٹری ہیلتھ

لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے میڈیکل یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز سے منسلک الائیڈ ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال مزنگ اور لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے اپنے گزشتہ رات کے اچانک دورہ کے فالو اپ کے طور پر اپنے دفتر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاہسپتالوں میں موجود سہولیات اور وسائل سے عوام کو استفادہ کرنے کا موقع فراہم کریں، ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹر زاوردیگراسٹاف کی تعیناتیوں کے لیے فوری اقداما ت کیے جائیں۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ عثمان معظم ، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن راجہ منصور ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ شاہد الرحمنٰ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی ، وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قاضی سعید، چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ، ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ ، ڈی جی آئی ٹی پی ایم او فراز حیدر ، کنسلٹنٹ ڈاکٹر زاہد پرویز ، پروفیسر احسن وحید راٹھور اور گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ، گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال، لیڈی ولنگڈن ہسپتال ، لیڈی ایچی سن ہسپتال ، گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال ، گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال اور گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال مزنگ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے مزنگ ٹیچنگ ہسپتال کی حالت زار پر انتہائی افسوس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال پر متعلقہ ذمہ داران کی کوئی توجہ نہیں اور اس کے وسائل سے استفادہ نہیں کیا جا رہا ۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ لاہور کے تمام الائیڈہسپتالوں کے معاملات ایک ہفتہ کے اندر درست کیے جائیں۔ نجم احمد شاہ نے کہا اُن کے اچانک دورہ کے موقع پر گورنمنٹ مزنگ ہسپتال کے اکثر بیڈز خالی تھے جبکہ سینئر میڈیکل آفیسر بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا۔ ایک جانب میئو ہسپتال اور سر گنگا رام ہسپتال مریضوں سے اوور لوڈ ہیں اور خصوصاً گائنی وارڈز میں خواتین کو بیڈ نہیں ملتے جبکہ بڑے ہسپتالوں کے ساتھ منسلک چھوٹے ہسپتالوں کے وسائل کو استعمال میں نہیں لایا جا رہا۔ سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ ٹیچنگ فیکلٹی اپنے الائیڈ ہسپتالوں کو پوری گنجائش کے مطابق چلانے کی ذمہ داری قبول کرے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ہدایت کی ہر میڈیکل یونیورسٹی اور کالج اپنے ساتھ منسلک چھوٹے ہسپتالوں کی کارکردگی کی پڑتال اور صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ہر پندرہ دن کے بعد متعلقہ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور اُس کی رپورٹ سیکرٹریٹ کو بھجوائی جائے۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے بعد دوبارہ کسی بھی اٹیچڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
تازہ ترین