• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہمند ایجنسی کے عوام کا لوڈشیڈنگ کیخلاف ورسک روڈ پر مظاہرہ

پشاور(سٹی رپورٹر)بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف مچنی مہمند ایجنسی کے عوام نے ورسک روڈ پشاور پر احتجاجی مظاہرہ کیاجبکہ وزیر اعظم اوروفاقی وزیرپانی و بجلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت مہمند ایجنسی کے سماجی رہنما گل نواز خان مہمند کررہے تھے جبکہ مظاہرین نے واپڈا اور ٹیسکو حکام کیخلاف شدیدنعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ورسک ڈیم مہمند ایجنسی کی اراضی پر بنا ہے لیکن اس کے باوجود مچنی کے مختلف علاقوں بھائی کور‘کادوکور‘ڈب کورونہ‘راول کور‘موصل کوراورشیرانوکلے اورقاسم خیل ودادوخیل کے دیگر علاقوں میں چوبیس گھنٹوں میں صرف دویا تین گھنٹے بجلی ہوتی ہے، وفاقی حکومت نے اعلان کیا کہ لوڈشیڈنگ زیروپر آگئی ہے لیکن ایسالگ رہا ہے کہ مہمندعوام کا حق چھین کرپنجاب، اسلام آباداوردیگرعلاقوں کو دیاجارہا ہے جو قبائلی عوام کیساتھ ناانصافی ہے جس پر علاقے کے منتخب نمائندوں نے بھی خاموشی اختیارکر رکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ورسک ڈیم کی رائلٹی مہمند ایجنسی کے عوام کو نہیں دی جارہی جبکہ بجلی بھی فراہم نہیں کی جا رہی جس سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے مہمندایجنسی سمیت دیگر قبائلی علاقوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیاجس سے ان علاقوں کے مسائل بڑھ گئے۔مظاہرین نے وزیر اعظم پاکستان‘وفاقی وزیر پانی و بجلی‘گورنر خیبر پختونخوا اورواپڈاچیف سمیت ٹیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے ورنہ عوام شدید احتجاج پر مجبور ہونگے۔
تازہ ترین