• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع کونسل کے اپوزیشن لیڈر کو پولیس کیخلاف احتجاج مہنگا پڑ گیا

پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ضلع کونسل پشاور کے اپوزیشن لیڈر سعید ظاہر ایڈوکیٹ کو پولیس کیخلاف احتجاج مہنگا پڑ گیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے انہیں تحفظ فراہم کرنے والے گن مین کو لائن حاضر کردیا۔ ضلع کونسل پشاور کے اپوزیشن لیڈر سعید ظاہر ایڈوکیٹ نے ”جنگ“ کو بتایا کہ تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس نے ضلع کونسل پشاور کے ممبران شمشیر خان اور شیر رحمان کیخلاف بے بنیاد مقدمات درج کئے جس کیخلاف ضلع کونسل پشاور میں احتجاج کیا تو آئی جی پولیس نے ان کو تحفظ فراہم کرنے والے پولیس اہلکار کو لائن حاضر کردیا جو نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام نے ضلعی ممبران کو انکے حقوق کی فراہمی کیلئے منتخب کیا جس کیلئے وہ اپنی توانائیاں صرف کرینگے نہ کہ عوام کو بے یار و مددگار چھوڑا جائے اسی طرح حزب اختلاف جماعتوں کے ضلعی ممبران نے مجھے مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن لیڈر چنا ہے میرا فرض ہے کہ میں ان کیلئے آواز اٹھاؤں حق کی آواز کو کوئی نہیں دبا سکتا اور میں ہمیشہ اپنے ممبران اور پشاور کے عوام کیلئے آواز اٹھاؤنگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری آئی جی پولیس پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین