• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی کے تبادلے کے بعد چیف کمشنرکا بھی جلد تبادلہ ہونیکا امکان

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) انسپکٹر جنرل آف پولیس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد محمد خالد خان خٹک کے تبادلے کے بعد چیف کمشنر کے تبادلے کیلئے بھی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل ( ر ) مجید ملک مرحوم کے صاحبزادے سینئر بیورو کریٹ میجر (ر) قیصر مجید ملک کو چیف کمشنر اسلام آباد تعینات کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ قیصر مجید ملک ڈی ایم جی گروپ گریڈ 20کے سینئر بیورو کریٹ ہیں جو اس وقت نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن میں منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں تاہم بیورو کریسی میں مقدمے بازی کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت افسران میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ حالیہ دھرنے میں سبکی ہونے کی وجہ سے چیف کمشنر ذوالفقار حیدر کو فارغ کئے جانے کا جلد امکان ہے۔ قیصر مجید ملک کا نام سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ، وفاقی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران میں بے چینی پائی جا رہی ہے کیونکہ قیصر مجید ملک بیورو کریسی میں مقدمہ بازی کے حوالے شہرت رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ قیصر مجید ملک کی ترقی کے حوالے سے کیس بھی سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے جس کی سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔ واضح رہے کہ حالیہ دھرنے میں ناکامی پر وفاقی حکومت نے آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کیا اور اسی وجہ سے چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان انتظامی امور کے حوالے سے ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث ضلعی انتظامیہ کے امور متاثر ہو رہے ہیں۔
تازہ ترین