• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے ملازمین کے حج اخراجات سٹاف ویلفیئر فنڈ سے ادا کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے سی ڈی اے ملازمین کے حج پر اٹھنے والے اخراجات سی ڈی اے کے اکاونٹس کی بجائے سٹاف ویلفیئر فنڈ سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ سال سے سی ڈی اے ملازمین وفاقی ترقیاتی ادارے کی بجائے وزارت حج کی سرکاری ملازمین کیلئے شروع کی گئی سکیم کے تحت حج کرینگے۔ فیصلہ ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد یاسر پیرزادہ کی ہدایت پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کیا جبکہ بورڈ نے ان سفارشات کی منظوری بھی دیدی ہے۔ قبل ازیں سی ڈی اے انتظامیہ اور سی بی اے کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں ہرسال 55ملازمین اتھارٹی کے خرچ پر حج کیلئے جاتے ہیں جن پر ادارے کو ہر سال ڈیڑھ کروڑ روپے برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ سٹاف ویلفیئر کمیٹی پر سی ڈی اے انتظامیہ نے ملازمین کے حج پر اٹھنے والے اخراجات کو پہلی مرتبہ سی ڈی اے کے فنڈز سے نکالنے اور انہیں سٹاف ویلفئیر فنڈ سے ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری طرف انتظامیہ نے اس مد میں سی ڈی اے کے نان گزٹیڈ ملازمین کی تنخواہوں سے کٹنے والی 25روپے ماہانہ ممبرشپ کو بڑھا کر 50روپے کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ فیصلے کے تحت سی ڈی اے ملازمین بھی وزارت مذہبی امور کی سرکاری ملازمین کیلئے حج کوٹہ کے تحت حج ادا کیا کرینگے۔ سی ڈی انتظامیہ نے اتھارٹی میں خدمات سرانجام دینے والے گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کیلئے سٹاف ویلفیئر کمیٹی کی سفارش کردہ تجاویز کی بھی منظوری دی ہے۔ انتظامیہ نے سی ڈی اے میں دوران ملازمت فوت ہونے والے ملازمین کیلئے مخصوص کفن دفن چارجز 20ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی منظوری دی ہے۔ قبل ازیں یہ چارجز فوت ہونیوالے ملازمین کے لواحقین کو بعد میں ادا کئے جاتے تھے تاہم ممبر ایڈمن کی ہدایت پر سٹاف ویلفیئر کمیٹی کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کفن دفن کے چاجرز مرنے والے ملازم کے لواحقین کو اُسی روز ادا کرینگے۔ کمیٹی کی سفارش پر ممبر ایڈمن نے ایسے ملازمین جو دوران ملازمت اپنے اعضاء گنواء بیھٹے ہیں کا علاج معالجہ تمام سرکاری ہسپتالوں سے کروانے کی منظوری دیدی۔ مزید برآں مصنوعی اعضاء پر اٹھنے والے اخراجات 25ہزار روپے سے بڑھا دیئے ہیں۔ اسی طرح گریڈ ایک سے پانچ تک کے لوئر کیڈر ملازمین کے 80فیصد نمبرز حاصل کرنے والے بچوں کو 20ہزار روپے وظیفہ دینے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ ملازمین کی ایک بیٹی کی شادی پر ایک لاکھ شادی لون 25اقساط پر دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے تاہم شادی قرض حاصل کرنے والے ملازم کو اپنی بیٹی کا نکاح نامہ ایک ماہ کے اندر ادارے میں جمع کروانا ہو گا بصورت دیگر یہ رقم لون حاصل کرنے والے ملازم کی تنخواہ سے منہا کر لی جائیگی۔ انتظامیہ نے دوران سروس مرنے والے ملازمین کی بیوائوں کو 30ہزار روپے کی امداد کو بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے‘ سی ڈی اے ملازمین کی علیحدگی کی صورت میں ماں کے ساتھ جانے والے بچوں کا 2لاکھ روپے تک کا علاج سی ڈی اے ہسپتال سے کروانے کی بھی منظوری دیدی ہے تاہم سی ڈی اے ہسپتال ہرسال ایسے 10کیسز دیکھنے کا پابند ہوگا۔
تازہ ترین