• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر کے انصاف پسندوں نے ٹرمپ کے اعلان کو مسترد کر دیا‘ علماء

اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار) امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا بدترین شرانگیزی ہے‘ عالم اسلام ہی نہیں دنیا بھر کے انصاف پسندوں نے اس اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔ عالم اسلام کے نمائندہ فورمز امت مسلمہ کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی ذمہ داری نبھائیں، پاکستانی عوام نے بیک آواز فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ٹرمپ کی پالیسیوں کیخلاف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل پنجاب کے رہنمائوں مولانا نعمان حاشر، مولانا مستحسن قریشی، مولانا حفیظ الرحمان، مولانا محمد شہبازو دیگر نے تحفظ بیت المقدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کو شرانگیزی اور جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف قرار دیا- انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک یہودی مہرے کے طور پر فلسطین کو اسرائیلی جھولی میں ڈالنے اور قبلہ اول کے حوالے سے یہودیوں کے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے جو قابل مذمت ہے۔ امریکی صدر کے اس اقدام کو صرف عالم اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے انصاف پسندوں نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ تاریخ کے اس نازک موڑ پر عالم اسلام کے حکمرانوں اور امہ کی نمائندہ تنظیموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسلمانوں میں پائے جانے والے اضطراب کے حوالے سے توانا آواز بلند کریں اور مسلمانوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس صلیبی جنگ کا آغاز اوبامہ نے کیا تھا ٹرمپ کے اس فیصلے نے مشرق وسطیٰ میں اسی صلیبی جنگ کی آگ کومزید بھڑکا دیا ہے۔ قرآن پاک میں اللہ نے واضح فرما دیا یہودو نصاریٰ تمہارے دوست نہیں ہو سکتے مگر افسوس آج مسلم حکمراں اپنے مفادات کیلئے یہودو نصاری سے دوستیاں لگاتے ہیں۔ پاکستان علماء کونسل امریکہ کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتی ہے۔
تازہ ترین