• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان،دہشت گردوں کا حملہ، 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ سمیت 2 شہید، آزادی کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں، آرمی چیف

Todays Print

اراولپنڈی / میرانشاہ (نمائندہ جنگ؍مانیٹرنگ سیل) قبائلی علاقے شمالی وزیرستان ایجنسی کے پہاڑی سلسلے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبد المعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید حال ہی میں پی ایم اے سے پاس آؤٹ ہوئے تھے اور یہ ان کی پہلی پوسٹنگ تھی، عبدالمعید کا تعلق بورے والا وہاڑی سے تھا۔ شہید عبدالمعید کا جسد خاکی بذریعہ روڈ ڈیرہ اسماعیل خان سے وہاڑی لایا گیا جہاں شہید کی نماز جنازہ گورنمنٹ ہائی اسکول چک 160میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں گیریژن کمانڈر بریگیڈیئر جواد احمد، سیاسی وسماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ تدفین کیلئے مرحوم کا جسد خاکی لاہور لے جایا جائے گا۔ ادھر سپاہی بشارت کی عمر بھی 21 سال تھی اور وہ گلگت کے گاؤں ڈینیور کے رہائشی تھے، وہ تین سال پہلے فوج میں بھرتی ہوئے تھے۔ شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی، اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی چیف کا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر شہدا کو سلام پیش کیا اور کہا کہ آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں۔ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، بیٹا بہترین اور معزز پیشے میں آیا اور اس نے خود بھی عزت کمائی اور ہمیں بھی عزت دی۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، وزیراعلی بلوچستان ثناء اللہ زہری، وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب اور دیگر سیاسی و سماجی رہنمائوں نے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے محافظوں نے قربانیاں دے کر قوم کا مستقبل محفوظ بنا دیا ہے، قوم اپنے شہیدوں اور غازیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیراعظم نے شہداءکے خاند انو ں سے اظہار تعزیت کیا اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

تازہ ترین