• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی احتساب بیورو نے سابق جسٹس شاہ خاور کوپراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری تک فوری طور پرسپیشل پراسیکیوٹر نیب مقرر کر دیا

Todays Print

اسلام آباد (طاہر خلیل،عاصم یاسین)قومی احتساب بیورو نے سابق جسٹس شاہ خاور کوپراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری تک فوری طور پرسپیشل پراسیکیوٹر نیب مقرر کر دیا ہے ۔ سابق جسٹس شاہ خاور بحیثیت ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خدمات انجام دے چکے ہیں۔یہ امریاد رکھنا ضروری ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل اکائوٹیبلٹی کی آسامی خالی ہونے کی وجہ سے نیب کو کچھ مقدمات کی پیروی کرنے میں مشکلات درپیش تھیں ۔ نیب نے دوہفتے قبل مذکورہ آسامی کی تعیناتی کےلئے سمری بھیجی تھی ، اس پر عمل ہونا باقی ہے ۔ اس وقت عدالت عظمیٰ اور معزز احتساب عدالتوں نے انتہائی اہم ترین مقدمات کی سماعت جاری ہے اور پراسکیوٹر جنرل کے عہدہ کا زیادہ دیر تک خالی رہنے کی وجہ سے اہم ترین مقدمات کی پیروی متاثر ہو سکتی تھی اس لئے نیب نے شاہ خاور کو نیب کا سپیشل پراسکیوٹر مقرر کیا ہے اور وہ حدیبیہ پیپرز ملز کیس سمیت تمام اہم ترین مقدمات میں نیب کی نمائندگی کریں گے ۔قبل ازیں نیب نے دو ہفتے قبل وزارت قانون کے ذریعے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری کے لئے صدر کو سمری بھیجی تھی مگر اس پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب نے پراسیکیوٹر نیب کے لئے جو پانچ نام بھیجے تھے ان میں جسٹس (ر)سعید احمد شیخ، جسٹس (ر) فصیح الملک، شاہ خاور، مدثر عباسی اور سید اصغر حیدر شامل ہیں۔ حکومت نے جسٹس (ر)سعید احمد شیخ، جسٹس (ر) فصیح الملک جو کہ ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج ہیں، کی عمریں زیادہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

تازہ ترین