• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری، بھتے کا مطالبہ ، فائرنگ سے بلڈر کا بیٹا اور بھتہ خور ہلاک

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں بھتہ خوری پھر شروع، لیاری میں بھتہ نہ ملنے پر بادشاہ خان گروپ کے کارندوں نے بلڈر پر فائرنگ کردی ،فائرنگ سے بلڈر کا بیٹا جاں بحق اور خاتون سمیت 5افراد زخمی ہو گئے جبکہ بلڈر کے ساتھیوں کی جوابی فائرنگ سے بادشاہ گروپ کا اہم کمانڈر بھی مارا گیا اور دوسرا زخمی ہوگیا جس کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کلری تھانے کی حدود لیاری نیا آباد علی ہوٹل گلی نمبر 6میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا اور مکین خوف زدہ ہوکر گھروں میں محصور ہو گئے اور کاروبار بند ہو گیا، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیںجائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور خاتون سمیت 7افراد کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا ،پولیس کے مطابق اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2افراد نے دم توڑ دیا جن کی شناخت35سالہ رئیس ولد روزی خان اور 30سالہ فضل داد کے نام سے ہوئی ہے ،جبکہ زخمیوں میں20سالہ لڑکی روزینہ دختر اعجاز احمد، 25سالہ زاہد ولد شوکت ،50سالہ صالح محمد ولد علی محمد ،35سالہ محمد مبین عرف بوبی ولد اللہ دتہ اور55 سالہ خان محمد ولد حاجی شیرداد شامل ہیں ۔ پولیس نے کہ لیاری کے بادشاہ خان گروپ کے کمانڈر مبین نے علاقے کے ایک بلڈر روزی خان سے 10لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور منگل کی شب وہ بھتہ وصولی کیلئے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روزی خان کے دفتر پر گیا جہاں اس نے بھتے کی عدم ادائیگی پر فائرنگ کردی جس پر روزی خان کے ساتھیوں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس میں روزی خان کا بیٹا جاں بحق اور بادشاہ گروپ کا کمانڈر فضل داد مارا گیا۔ بھتہ مانگنے والا کمانڈر مبین عرف بوبی بھی زخمی ہوا جس کو پولیس نے اسپتال میں حراست میں لے لیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میں زخمی ہونے والی لڑکی یہاں سے گزر رہی تھی کہ گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہو گئی ۔ دوسری جانب پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دریں اثنا وزیرداخلہ سندھ ، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی کراچی نے لیا ری میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرکے فائرنگ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاکر علاقے میں اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بناجائے اورکرائم سین سےملنے والے شواہد کی مدد سے تفتیش کو مؤثر بنایا جائے۔دریں اثناء لیاری کے علاقے غریب شاہ مزار میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا ہے۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق اس طرح کا کوئی واقع نہیں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق کلری تھانے کی حدود لیاری غریب شاہ مزار کے قریب واقع مکان کے باہر موٹر سائیکل پر سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جس مقام پر گرنیڈ پھینکا گیا وہاں سے کچھ فاصلے پرمسلم لیگ ن کے علاقائی رہنما کا گھر موجود ہے ۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق اس طرح کا کوئی واقع نہیں پیش آیا اور پولیس نے مذکورہ رہنما سے بھی بات کی ہے جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے اس بات کی تصدیق ہوسکے کہ گرنیڈ حملہ ہوا ہے ۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی تردید نے واقعہ کو پراسرار بنا دیا ہے۔

تازہ ترین