• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹروٹرین، عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے، چینی سفیر، امن معاشی خوشحالی سے منسلک ہے، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں چین کے سفیر یاؤ جنگ (Mr. Yao Jing)نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک چین معاشی تعلقات ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی -چین کے سفیر نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام کی اجازت ملنے پر وزیراعلی شہبازشریف کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ میٹروٹرین منصوبہ پر عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے-انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہوگا -چینی سفیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی گڈ گورننس اور برق رفتار ی سے قومی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے جذبے کوسراہتے ہوئے کہا کہ آپ پنجا ب کی ترقی کاایک روشن ستارہ ہیں اورآپ نے مشکلات کے باوجود مقررہ وقت سے قبل ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دنیا میں امن اور ترقی اور استحکام معاشی خوشحالی سے ہی منسلک ہے، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ لاکھوں شہریوں کو باعزت، عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا-چین کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یہ منصوبہ پاکستان کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے-انہوں نے کہاکہ رکاوٹوں کے باوجود چینی قیادت نے اس منصوبے کیلئے بھرپور ساتھ دیاہے۔شہباز شریف نےفائرنگ سے شہید ہونے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ دنیا میں امن اور ترقی اور استحکام معاشی خوشحالی سے ہی منسلک ہے- شہباز شریف نےپنجاب ہائوس اسلام آباد سے اورنج لائن میٹرو لائن ٹرین کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو ہوگیا سو ہو گیا، اب آگے کا سوچنا ہے اورمنصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرنا ہے، جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں، سپریم کورٹ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب نئے جذبے، عزم اور محنت سے کام کرکے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے۔ ذجتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا۔
تازہ ترین