• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفنس میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، جیو نیوزکا رپورٹر زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے جیو نیوز کے رپورٹر کوزخمی کر دیا اور فرار ہوگئے ، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز ون کے رہائشی و ریلوے ورکرز یونین کے مزدور رہنما منظور رضی اور جیو نیوزکے رپورٹر کامران رضی کے گھر میں پیر و منگل کی درمیانی شب 3نامعلوم ملزمان ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے کی کوشش کررہے تھےکہ انہوں نے مزاحمت کی جس پر ایک ملزم نے کامران رضی کو گولی ماری اور موقع سے فرار ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو فوری نجی اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ملزمان لوٹ مار نہیں کرسکے اورفرار ہوگئے، پولیس نے زخمی رپورٹر کا بیان ریکارڈکیاجس میں انہوں نے ملزمان کی تعداد 3سے 4اور حلیہ بھی بتایا ہے، پولیس نے مقدمہ نمبر 293/17زخمی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا، دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی جبکہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کامران رضی کے زخمی ہونے کے واقعے سے متعلق ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تازہ ترین