• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متروک وقف بورڈ سیاسی ہوچکا، کٹاس راج مندر میں مورتیاں نہ رکھنے پر سپریم کورٹ برہم

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے ضلع چکوال میں واقع ہندوئوں کے متبرک ترین مقام ʼʼکٹاس راج کے مندر میں واقع تاریخی تالاب کے پانی کی سطح کم ہونے ʼʼ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران تما م ماتحت عدالتوں کو کٹاس راج مندر سے متعلق کسی بھی مقدمہ میں فیصلے جاری کرنے سے روک دیا ہے۔کیس کی مزید سماعت بدھ (آج )تک ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کٹاس راج مندرمیں رام شیوا اور ہنومان کی مورتیاں نہ رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئےکہ انتظامیہ اس ضمن میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیوں کر رہی ہے؟اس مندر میں پاکستان اور ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر سے ہندو برادری اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے لئے آتی ہے لیکن جب یہاں پر مورتیاں ہی نہیں ہوں گی تو وہ یہاں آباد اقلیتی برادری کی مذہبی آزادیوں کے بارے میں پاکستان سے کیا تاثر لے کر جائیں گے؟ تباہی کے بعد ہی حکومت کوسب یاد کیوں آتا ہے؟ سیمنٹ فیکٹریوں کے لئے علاقے کے سارے پہاڑ کاٹ کر فطری حسن خراب کر دیا گیاہے ،جن فیکٹریوں نے فطری حسن کو تباہ کیا ہے انہیں اس کاخمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میںجسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے منگل کے روز از خود نوٹس کی سماعت کی تو حکومت پنجاب کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی کہ اس علاقے میں سیمنٹ کی چار فیکٹریاں موجود ہیں جن میں دو بیسٹ وے سیمنٹ، غریب وال اور ڈی جی خان سیمنٹ فیکٹری شامل ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بیسٹ وے سیمنٹ فیکٹری کے وکیل سلمان اکرم راجہ بیرون ملک گئے ہوئے ہیں ،اس لئے کیس کی سماعت ملتوی کی جائے تو چیف جسٹس نے کہا کہ ہم فیکٹری مالک میاں منشاء کو یہاں بلا لیتے ہیں۔وقف املاک بورڈ کے وکیل نے کٹاس راج مندر کی حالت خراب کرنے کی ذمہ داری پاکستان پیپلز پارٹی کے دور کے وقف املاک بورڈ کے چیئرمین آصف ہاشمی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ اس(آصف ہاشمی) نے اپنے دور میں اپنے ادارہ میں کروڑوں روپے کی بدعنوانی کی ہے اور اس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ملزم کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ہے ؟ تو فاضل وکیل نے بتایا کہ وہ ملک سے فرار ہوگیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم آصف ہاشمی کے ریڈوارنٹ جاری نہ ہونے پر کیوں نہ وفاقی وزارت ہائے داخلہ و خارجہ کے سیکرٹریوں کوعدالت میں طلب کر لیا جائے؟ کٹاس راج مندر اپنی اصل حالت میں نہیں ہے جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ سیاسی اکھاڑہ بن چکا ہے،جس میں سیاسی کارکنوں کو مقررکر دیا جاتا ہے۔
تازہ ترین