• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین معاشی راہداری تمام خطےکیلئے یکساں فوائدکی حامل ہے، احسن اقبال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و اصلاحات و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک اور پاکستان وژن2025ء کا دارومدار عالمی رابطوں کو ترقی دینے پر ہے۔ پاک چین معاشی راہداری تمام خطے کے لیے یکساں فوائد کی حامل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ’’سی پیک بزنس اپرچیونٹیز کانفرنس‘‘ سے خطاب میں کیا جس کا انتظام کراچی کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہم توانائی کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں اور سستی بجلی کے کئی منصوبے سی پیک کے تحت مکمل کئے جارہے ہیں اور کئی مکمل کئے جاچکے ہیں۔ بجلی کی پیداوار کے لیے 35 ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سستی بجلی کی پیداوار کے لیے ہمارا انحصار ملک میں پیدا ہونے والے کوئلے پر ہے۔ اس کے علاوہ دیگر کچھ منصوبے سولر انرجی اور ہائیڈل پاور کے بھی سی پیک کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں میں تھرکول کا بڑا حصہ ہے۔ پاکستان چین میں آنے والی تبدیلیوں سے بھی بڑا فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ چین میں جلد ہی 85 ملین روزگار کے مواقع چین سے دیگر کم اجرت کے حامل ملکوں میں منتقل ہوں گے اور ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں گوادر پورٹ پراجیکٹ اور اسپیشل اکانومک زونز پر بھی بات کی۔اس موقع پر ڈپٹی چیف مشن، چینی سفارت کار ژائو لی لیان نے کہا کہ سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے جو ایک روڈ ایک خطے کی ترجمانی کرتا ہے۔ آج پاکستان چین سے زیادہ تیز رفتار ترقی کررہا ہے۔ جن پاور منصوبوں کی تکمیل کے لیے چین نے 10 سال کا عرصہ لگایا تھا ان منصوبوں کو پاکستان 5 سال میں مکمل کررہا ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار چین میں موجود مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور وہاں موجود ڈیلپمنٹ، اسپیشل زون، انڈسٹریل پارک دونوں ملکوں کی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں تعمیر کئے جانے والے میگا انرجی پراجیکٹس پاکستان میں توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، صنعتی ترقی ہوگی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر شعیب احمد صدیقی ، سیکریٹری منصوبہ بندی نے بھی سی پیک کے بارے میں اظہار خیال کیا جبکہ سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین نے کہا کہ یہ سمجھنا کہ سی پیک سے صرف چین کو فائدہ ہوگا سراسر غلط ہے۔ ان منصوبوں سے پاکستان کے جی ڈی پی میں کم از کم 2 فیصد اضافہ ہوگا۔ چین پرسن ، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ، ناہید میمن نے بھی اپنے خطاب میں چینی کمپنیوں کو سندھ میں موجود مواقع کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پاکستان میں فوڈ پراسسنگ، لوجسٹکس، سروس سیکٹر، ٹرانسپورٹ، انفرااسٹرکچر بہت مواقع موجود ہیں۔ ہم چینی سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ دریں اثناء، وزیر سندھ اطلاعات، ناصر حسین شاہ نے چینی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ترقی کے کئی مواقع موجود ہیں اور حکومت ہر طرح کا تعاون سرمایہ کاروں کو فراہم کرے گی۔
تازہ ترین