• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساڑھے 4ارب ڈالر کی منشیات کا پکڑنا کامیابی، فورسز کا احسان ہے، گھرانے تباہی سے بچائے ،کمانڈر سدرن کمانڈ

کوئٹہ (این این آئی )کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان میں منشیات کی کوئی گنجائش نہیں، صوبے میں منشیات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، ساڑھے چارارب ڈالر کی منشیات کا پکڑا جانا سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے یہ سیکورٹی فورسز کا قوم پر احسان ہے جنہوں نے کئی گھر تباہ ہونے سے بچائے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان، فرنٹیئر کور بلوچستان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کوئٹہ اور پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے کچھ موڑ میں منشیات کو نذر آتش کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ منشیات نوجوان نسل کو تباہ کرتی ہے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے مستقبل سے کھیلے، انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے خاتمے کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں صوبے میں منشیات کے ناسور کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ منشیات کی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والا سرمایہ دہشتگردی کے فروغ کے لئے استعمال ہوتا ہے، ساڑھے چارارب ڈالر کی منشیات کا پکڑا جانا سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے یہ سیکورٹی فورسز کا قوم پر احسان ہے جنہوں نے کئی گھر تباہ ہونے سے بچائے ہیں، تقریب میں منشیات کی ایک بڑی مقدار کو جلاکر تلف کیا گیا جس میں 110ٹن چرس، 55ٹن افیون23ٹن ہیروئن9ٹن مارفین3ٹن ایمفٹامائن379کلو گرام کوکین4.5ٹن امونیم کلورائیڈ522لیٹر ایسٹون4205لیٹرایسٹک این ہائیڈرائڈ593لیٹراسپرٹ امونیا 1404لیٹر دیگر ممنوع کیمیکل380.5لیٹر، بوتل شراب شامل تھیں۔اس منشیات کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں کھربوں روپے ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سال اے این ایف اور ایف سی بلوچستان کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے ضلع لورالائی اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں 128ایکڑ پر موجود پوست کی فصل کو بھی تلف کیا جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کی جانب سے فرنٹیئر کور بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضلع قلات کی تحصیل خالق آباد (منگچر)میں 279ایکڑ رقبے پر پھیلی بھنگ کی فصل کو تلف کرکے ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔
تازہ ترین