• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ 2019تک پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل مصروفیت، بھارت سےباہمی سیریز نہیںہوگی

  کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوری2018 سے مئی میں2019 ورلڈ کپ تک ڈیڑھ سال کے دوران نان اسٹاپ کرکٹ کھیلے گی۔ اس دوران پاکستان کو بھارت کے علاوہ دنیا کی تمام بڑی ٹیموں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلنا ہوگی۔ سترہ ماہ میں پاکستانی ٹیم 13ٹیسٹ ،32ون ڈے انٹر نیشنل اور 16ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے گی۔ ان میچوں اور ورلڈ کپ کے ساتھ پاکستانی کرکٹ بورڈ کو اپنے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں کی تجدید کر نا ہوگی۔ مکی آرتھر سمیت تمام کوچنگ اسٹاف کے معاہدے ورلڈ کپ تک ہیں۔ آئندہ سال زمبابوے میں پاکستان ، آسٹریلیا، زمبابوے کے درمیان ٹی 20 انٹر نیشنل سیریز ہوگی۔2019 کے ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مارچ میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہوں گے۔ جبکہ مئی میں ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان انگلینڈ میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جون میں انگلینڈ میں ورلڈ کپ کے لئے مربوط پلان تیار کیا ہے تاکہ پاکستانی کھلاڑی انگلش کنڈیشن سے ہم آہنگ ہوسکیں۔ پاکستانی ٹیم1999میں بھی ورلڈ کپ فائنل کھیل چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نئے سال کے آغاز پر پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ تین ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ مئی میں پاکستانی ٹیم آئر لینڈ میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ جس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز اور لیڈز میں دو ٹیسٹ میچ ہوں گے۔ اس کے بعد پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔27 جون سے پاکستانی ٹیم زمبابوے میں تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلے گی ۔ ڈبل لیگ کے تحت ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں چھ میچوں کے بعد دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ تین ملکی ٹورنامنٹ کے بعد پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹر نیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔ اکتوبر میں پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کے پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میچ ورلڈ کپ سے قبل مارچ میں امارات میں ہوں گے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے ساتھ تین ٹیسٹ،تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے گی۔ دسمبر اور جنوری میں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔ اس فل ٹور میں تین ٹیسٹ پانچ ون ڈے انٹر نیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ ہوں گے۔ 2019 فروری اور مارچ میں پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن ہوگا۔ اپریل میں ایک ماہ آرام کے بعد پاکستان ٹیم 2019کے ورلڈ کپ کی مہم شروع کرے گی۔ مئی میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ پہنچ کر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انگلش ٹیم کے ساتھ پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے گی۔ ورلڈ کپ30 مئی سے14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں48میچ ہوں گے۔ پاکستان سمیت آٹھ ٹیموں نے میگا ایونٹ کیلیے براہ ارست کوالی فائی کیا ہے۔ زمبابوے میں ہونے والے کوالی فائنگ رائونڈ سے مزید دو ٹیمیں ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔
تازہ ترین