• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، برفانی تودے گرنے سے 5 بھارتی فوجی لاپتہ

سرینگر (جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے تمام اضلاع میں موسم کی پہلی برفباری کے ساتھ ہی عام زندگی متاثر ہوگئی ہے۔ اس دوران لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں کپواڑہ کے نوگام سیکٹر اور کنزل ون بانڈی پورہ میں فوجی تنصیبات پربرفانی تودے گرنے سے کم ازکم 5 فوجی لاپتہ ہوگئے ہیں۔فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق انھیں تلاش کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ واضح رہے گزشتہ برس بھی سرحدی سیکٹروں میں برفانی تودوں کی زد میں آکر 20 سے زیادہ فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔اطلاعات ہیں کہ سرینگر کو گرُیز، لداخ اور جموں کے ساتھ ملانے والی شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے جبکہ اندرونی ریل سروس کو معطل اور یونیورسٹی کے امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔مقبوضہکشمیر کے واحد ہوائی اڈے پر پروازیں بھی معطل ہیں۔ بجلی کے بحران سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز تک مزید برفباری کا امکان ہے۔ حکومت نے پہلے بارہویں درجے تک تعلیمی اداروں میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، مسابقتی امتحانات کے دوران ٹھنڈ سے بچائو کا خاطر خواہ انتظام نہ ہونے کے سبب ان امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کشمیر کے لداخ خطے میں موسمِ سرما کے دوران درجہ حرارت صفر سے نیچے تک گر جاتا ہے۔ کشمیر میں منفی چھ ڈگری کا درجہ حرارت رہتا ہے، تاہم سرد لہر کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوجاتے ہیں۔
تازہ ترین